مین ہول سے 4 لاشیں ملنے کا مقدمہ، ملزم 5 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر سے پیشرفت رپورٹ طلب کرلی

کراچی:

جوڈیشل مجسٹریٹ غربی نے مائی کلاچی مین ہول سے 4 لاشیں ملنے سے متعلق مقدمہ میں ملزم کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ غربی کی عدالت کے روبرو مائی کلاچی مین ہول سے 4 لاشیں ملنے سے متعلق مقدمہ کی سماعت ہوئی۔ پولیس نے گرفتار ملزم مسرور حسین کو عدالت میں پیش کیا۔

تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزم سے آلہ قتل برآمد کرنا ہے، مزید تفتیش کرکے قتل کے پیچھے اصل حقائق سامنے لانے ہیں۔ دو جنوری کو خالی مین ہول سے 4 لاشیں برآمد ہوئی تھیں۔

مقتولین میں انیلا، کشور زہرہ حسنین اور ذوالقرنین شامل تھے۔ عدالت نے ملزم کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر سے پیش رفت رپورٹ بھی طلب کرلی۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ ملزم کیخلاف الزام سنگین نوعیت کا ہے لہذا اس کا جسمانی ریمانڈ دیا جاتا ہے۔

پوسٹ مارٹم رپورٹ سے ثابت ہوا کہ مقتولین کو تیز دھار آلے سے قتل کیا گیا، پولیس کے مطابق ملزم کیخلاف تھانہ ڈاکس میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

Load Next Story