میری تصاویر کیساتھ بھیک مانگی جارہی ہے، بشریٰ انصاری کا انکشاف

دنیا میں بے شرم لوگوں کی کوئی کمی نہیں، بشریٰ انصاری فیک اکاؤنٹس پر پھٹ پڑیں

سینئر پاکستانی اداکارہ بشریٰ انصاری نے سوشل میڈیا پر اپنی فیک اکاؤنٹس بنانے والوں کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ دنیا میں بے شرم لوگوں کی کمی نہیں ہے ، میرے نام سے آئی ڈیز بناکر بھیک مانگی جارہی ہے۔

نامور اداکارہ ابشریٰ انصاری نے جعلی اکاؤنٹس سے حد درجہ تنگ آ چکی ہیں کہ وہ انہیں ’ سستے ہتھکنڈے‘ قرار دیتی ہیں، انہوں نے انسٹاگرام پر ایک سخت وارننگ اور کھری کھری سنانے والی ویڈیو جاری کر دی۔

ویڈیو میں بشریٰ انصاری کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر میرے نام سے بنائے گئے اکاؤنٹس میری تصاویر استعمال کرکے بھیک مانگ رہے ہیں اور یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ جمعرات خیرات کا دن ہے، جب کہ کچھ تو یہ بھی کہہ رہے ہیں کہ وہ ’غریبوں اور بیواؤں کی مدد‘ کے لیے این جی او قائم کررہی ہیں۔

انہوں نے افسوس کے ساتھ کہا ’اس دنیا میں بے شرم لوگوں کی کوئی کمی نہیں ہے‘۔

اداکارہ نے ویڈیو پیغام میں ایک تازہ جعلی اکاؤنٹ کی نشاندہی بھی کی، جس میں ان کی نئی تصویر استعمال کی گئی ہے، وہ تصویر جس میں انہوں نے بندی لگائی ہوئی ہے۔

انہوں نے مداحوں کو خبردار کیا کہ وہ اس دھوکے میں نہ آئیں اور یاد دلایا کہ یہ پہلا موقع نہیں جب وہ اس مسئلے پر آواز اٹھا رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان اکاؤنٹس کو مسلسل رپورٹ اور بلاک کرنے کے باوجود یہ مسئلہ ختم نہیں ہو رہا۔ یہ بھی واضح کیا کہ اگر وہ کبھی کسی کی مدد کرتی ہیں تو وہ ذاتی طور پر کرتی ہیں، اور انہوں نے کبھی بھی عوام سے فنڈز اکٹھے نہیں کیے۔

Load Next Story