پی ایس ایل کی دو نئی ٹیموں کی نیلامی کی تقریب کیلیے ریہرسلز مکمل
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں ایڈیشن میں دو نئی ٹیموں کے اضافے کی گھڑی آن پہنچی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کا جناح کنونشن سینٹر رنگ برنگی روشنیوں سے چمک اٹھا ہے۔
پی ایس ایل کی نئی ٹیموں کی بولی لگنے میں چند ہی گھنٹے باقی ہیں جس کے لیے ریہرسلز مکمل کرلی گئی ہیں۔
سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم بھی منفرد انداز میں نیلامی میں شریک ہوں گے۔
پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد سید نے جناح کنونشن سینٹر کا دورہ کیا جہاں انہیں نیلامی کی تقریب کے انتظامات پر بریفنگ دی گئی۔
میٹنگ میں ڈائریکٹر میڈیا عامر میر، ڈائریکٹر کمرشل علی عدنان زیدی اور چیف فنانشل آفیسر پی سی بی جاوید مرتضٰی نے بھی شرکت کی۔
نیلامی کی تقریب میں آنے والے بڈرز اور معزز مہمانوں کا ریڈ کارپٹ پر استقبال کیا جائے گا۔
تقریب میں رائزنگ ایشیا کپ جیتنے والی پاکستان شاہینز اور ہانگ کانگ سپر سکسز جیتنے والی پاکستان ٹیم کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔
چیئرمین پی سی بی کی ہدایت پر دونوں چیمپئن ٹیموں کی کارکردگی کو سراہا جائے گا اور کھلاڑیوں کو انعامات بھی دیے جائیں گے۔
دنیا بھر کے پی ایس ایل فینز رنگا رنگ تقریب پی سی بی کے یوٹیوب چینل، پی ٹی وی سپورٹس، اے اسپورٹس اور جیو سوپر پر لائیو دیکھ سکیں گے۔