تحریک انصاف کے تمام لوگ بانی کے فیصلوں کے پابند اور ان کو ہی جواب دہ ہیں، سیکٹری اطلاعات پی ٹی آئی
فوٹو: فائل
پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ ہماری جماعت میں کوئی اختلافات نہیں ہیں اور ہم سب کسی اور کو نہیں بلکہ بانی پی ٹی آئی کو جوابدہ ہیں۔
مرکزی سیکریٹری اطلاعات پاکستان تحریک انصاف شیخ وقاص اکرم نے ایکسپریس نیوز کے پروگرام سینٹر اسٹیج میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم صرف بانی پی ٹی آئی کو جوابدہ ہیں کسی صوبائی تنظیم کو نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم صرف بانی پی ٹی آئی کے فیصلوں کے پابند ہیں، ہم نے کسی اور سے کوئی پالیسی لائن نہیں لینی ہے۔
پارٹی میں اختلافات کے تاثر سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری جماعت میں کوئی اختلافات نہیں ہیں، جب ہماری کوئی میٹنگ ہوتی ہے تو اس میں ہر طرح کی گفتگو ہوتی ہے، مختلف نکتہ نظر سامنے آتے ہیں اور پھر گفتگو کے بعد مشترکہ لائحہ عمل سامنے آتا ہے۔
مرکزی سیکریٹری اطلاعات نے سندھ حکومت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت نے وزیر اعلی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کو ویلکم کیا، میں سندھ حکومت کے اس اقدام کو سراہتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں ہمیں سیاسی رویہ نظر آ رہا ہے، وزیر اعلیٰ کے دورے کے موقع پر سندھ حکومت کی طرف سے کوئی رکاوٹ نہیں ہے، ناصر شاہ کی جانب سے زبردست کوارڈینیشن رہی۔
انہوں نے کہا کہ دوسرے صوبے کے وزیر اعلیٰ کو ویلکم کہنا چاہیے لیکن پنجاب میں دوسرے صوبے کے وزیر اعلیٰ کے ساتھ بد تمیزی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کراچی میں جلسے کے حوالےسے20 لاکھ روپے سمیت سیکیورٹی فیس بھی جمع کرا دی ہے۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ حکومتی لوگ کہتے ہیں کہ پی ٹی آئی والوں پر حملے نہیں ہو رہے، حکومت والے کس قسم کی سیاست کر رہے ہیں ؟ کیا یہ چاہتے ہیں ہم پر حملہ ہو جائے؟ ہمارے بندے شہید ہو جائیں؟۔
شیخ وقاص اکرم نے حکومت سے سوال کیا کہ آپ چاہتے کیا ہیں ؟۔ کیا آپ دہشت گردوں کو حملوں پر اُکسا رہے ہیں ؟۔
وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے کئی لوگ دہشت گردحملوں میں شہید ہوئے ، یہ تاثر دینا درست نہیں کہ ٹی ٹی پی والے تحریک انصاف والوں پر حملہ نہیں کرتے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی دہشت گردی کیخلاف ہے، میں بطور مرکزی سیکریٹری اطلاعات کہہ رہا ہوں کہ دہشت گردی ناسور ہے۔