سندھ حکومت نے بلدیاتی اداروں کی مانیٹرنگ شروع کردی
فوٹو فائل
سندھ حکومت نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے بلدیاتی اداروں کی مانیٹرنگ شروع کردی، جس کے لیے کراچی سمیت سندھ بھر کے ریجنل دفاتر کو فعال کردیا گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سندھ حکومت نے بلدیاتی اداروں کی مانیٹرنگ کیلئے ہر ڈسٹرکٹ میں تین تین اسسٹنٹ ڈائریکٹر پر مشتمل ٹیمیں تعینات کردیں۔ جس میں شامل اسپیشل سیکریٹری ہاؤسنگ وٹاؤن پلاننگ تمام بلدیاتی اداروں اور مانیٹرنگ ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لینگے۔
میونسپل سروسز،جنرل اور انفراسٹرکچر کے شعبوں کیلئے علیحدہ علیحدہ اسسٹنٹ ڈائریکٹرز مقرر کئے گئے ہیں۔
وزیر بلدیات کی ہدایت پر لوکل گورنمنٹ نے ریجنل ڈائریکٹریٹ کے افسران کو فعال کرنے افسران کی ذمہ داروں کے حوالے سے حکمنامہ بھی جاری کردیا۔
سندھ حکومت نے کراچی سمیت صوبے کے دیگر 30 اضلاع میں اصلاحاتی عمل کا آغاز محکمہ بلدیات سندھ سے کیا ہے اور اس حوالے سے محکمہ لوکل گورنمنٹ سندھ نے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے صوبے کے 30 اضلاع میں مانیٹرنگ ٹیمیں نہ صرف تشکیل دیدی ہیں بلکہ انہیں فعال بھی کردیا ہے۔
دستاویزات کے مطابق ہر ڈسٹرکٹ میں گریڈ17 کے تین اسسٹنٹ ڈائریکٹرز تعینات کئے گئے ہیں جن میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر میونسپل سروسز صفائی ستھرائی ،فراہمی ونکاسی آب کے مسائل ،اسٹریٹ لائٹس کے مسائل کے حوالے سے متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو مانیٹر کرینگے اور عوامی مسائل کو حل کرانے میں اپنا کردار ادا کرینگے۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر جنرل لوکل کونسلز میں ایڈ منسٹریشن اور فنانشل مسائل کے حوالے سے مانیٹرنگ کا ذمہ دار ہوگا جبکہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر انفراسٹرکچر لوکل کونسل میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کی بروقت انجام دہی ، ترقیاتی کاموں کے معیار ودیگر مسائل کے حوالے سے مانیٹرنگ کرنے کا ذمہ دار ہوگا۔
اس حوالے سے صوبے بھر کے ریجنل ڈائریکٹر ز کو مانیٹرنگ ٹیمیں پابندی کے ساتھ رپورٹ جمع کرائینگی جبکہ ریجنل ڈائریکٹر ز اسپیشل سیکریٹری ہائوسنگ وٹاؤن پلاننگ محمد علی شاہ کو مذکورہ مسائل اور مانیٹرنگ ٹیموں کی رپورٹ جمع کرائیں گے۔
کراچی کے 7 ڈسٹرکٹ میں بھی مذکورہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر کی ٹیموں کو فعال کردیا گیا ہے۔
اس حوالے سے اسپیشل سیکریٹر ہاؤسنگ وٹائون پلاننگ سید محمد علی شاہ نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ وزیر اعلی سندھ اور وزیر بلدیات کی ہدایت پر مانیٹرنگ ٹیموں کو فعال کیا گیا ہے جس سے وہ کام جو کہ متعلقہ اداروں کے کوآرڈنیشن نہ ہونے کے باعث التواء کا شکار اور بلدیاتی اداروں کی کارکردگی متاثر کررہے تھے اسے دور کیا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کے مختلف ڈسٹرکٹ میں وہ خود بھی اچانک دورے کررہے ہیں اور گزشتہ دنوں ضلع ساؤتھ، ضلع شرقی کے دورے کرکے صورتحال کا جائزہ لیا گیا ہے۔
انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ مانیٹرنگ ٹیمیں پہلے بھی تھیں تاہم انہیں فعال کرکے فیلڈ میں لایا گیا ہے اور انہیں مختلف ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں جس کے اچھے نتائج آنا شروع ہوگئے ہیں۔