کراچی: برطانیہ کے جعلی شیئر کوڈ کے ذریعے بیرون ملک جانے کی کوشش ناکام

ملزم نے 70 لاکھ کے عوض لاہور کے مختلف ایجنٹوں کے ذریعے دستاویزات تیار کروائی تھیں، ایف آئی اے

کراچی:

ایف آئی اے امیگریشن کراچی نے برطانیہ کے جعلی شیئر کوڈ کے ذریعے بیرون ملک جانے کی کوشش ناکام بنادی۔

کراچی ایئرپورٹ پر مسافر محمد عمران فلائٹ نمبر PC-131 کے ذریعے ترکی جا رہا تھا، مسافر نے ترکی ای ویزا حصول کے لئے برطانیہ کا ای ویزا شیئر کوڈ استعمال کیا۔

امیگریشن کلیئرنس کے دوران مسافر کی جانب سے پیش کیا گیا برطانیہ کا ای شئیر کوڈ ویزا جعلی نکلا، تحقیقات سے معلوم ہوا کہ ملزم نے یو کے شیئر کوڈ جعلی نکاح نامے کی بنیاد پر حاصل کیا۔

ملزم سے برآمد شواہد میں اونیزے قریشی نامی خاتون کے ساتھ نکاح کی جعلی ایڈیٹ شدہ تصاویر بھی شامل ہیں، ملزم نے تمام دستاویزات اور ٹکٹس لاہور کے مختلف ایجنٹوں کے ذریعے تیار کروائے۔

ملزم نے 70 لاکھ روپے کے عوض دستاویزات تیار کروائیں جن میں سے 35 لاکھ روپے پہلے ہی ادا کیے جا چکے تھے۔ ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ اس کی شادی 2014 سے سمیرا خاتون کے ساتھ ہے اور اس کے 4 بچے ہیں۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی کے حوالے کر دیا گیا۔

Load Next Story