صدر، وزیراعظم کا دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ

شمالی وزیرستان، کرم میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں 11 دہشت گردوں کی ہلاکت پر اہلکاروں کی مہارت کو سراہا

صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے شمالی وزیرستان اور کرم میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں فتنہ الخوارج کے 11 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سکیورٹی اہلکاروں اور پولیس کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے تک جدوجہد جاری رہے گی۔

ایوانِ صدر کے میڈیا وِنگ سے جاری بیان کے مطابق صدرِ مملکت نے کہا کہ قوم کے جان و مال کے تحفظ کے لئے سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کردار قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے تک جدوجہد جاری رہے گی۔

وزیراعظم  شہباز شریف نے  سیکیورٹی فورسز کے افسران و جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا، وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے دہشتگردی کے عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان اور پولیس کے جوان شب و روز ملک دشمن عناصر کے خلاف بر سر پیکار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے بہادر و فرض شناس افسروں اور جوانوں کے ہوتے ہوئے دشمن پاکستان کی جانب میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرآت نہیں کر سکتا۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ ان سمیت پوری قوم سکیورٹی فورسز کے ارض وطن کی حفاظت کے غیر متزلزل عزم میں ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے سیکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا  اور کہا کہ  فتنہ الخوارج کے ناپاک عزائم خاک میں ملانے پر سیکورٹی فورسز کی بروقت کارروائیوں قابل ستائش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں خوارجیوں کے خاتمے کیلئے کامیاب آپریشنز سکیورٹی فورسز کو   سلام پیش کرتے ہیں،  خیبر پختونخوا میں فتنہ الخوارج کے خاتمے کیلئے سکیورٹی فورسز پرعزم ہیں،  کے پی کے میں فتنہ الخوارج کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی،  قوم کی حمایت سے خوارجیوں کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے 2 کامیاب کارروائیاں کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو مبارکباد دی اور  11 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے کو سراہا۔

ترجمان کے مطابق انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے “عزمِ استحکام” آپریشن کامیابی سے جاری ہے، ہماری فورسز ملک دشمن عناصر کو ان کے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیں گی، سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

Load Next Story