سرد موسم کی شدت؛ تعلیمی اداروں میں چھٹیاں ایک ہفتہ بڑھا دی گئیں
سرد موسم کی شدت کے باعث صوبائی حکومت نے تعلیمی اداروں میں چھٹیاں ایک ہفتہ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے
ایکسپریس نیوز کے مطابق طلبہ کی صحت کی بہتری کے لیے صوبائی وزیر تعلیم نے فیصلہ کرتے ہوئے پنجاب کے تعلیمی اداروں کی چھٹیاں ایک ہفتہ بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔ یہ فیصلہ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر عوامی سروے کی بنیاد پر کیا۔
صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ عوام سے مشاورت کے بعد اب تعلیمی ادارے 19 جنوری سے کھلیں گے۔ یہ فیصلہ موسم کی شدت اور طلبہ کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
رانا سکندر حیات نے کہا کہ عوامی سروے میں تقریباً 87 فیصد افراد نے چھٹیوں میں توسیع کے حق میں رائے دی جب کہ تقریباً 13 فیصد افراد نے 12 جنوری کے حق میں رائے دی۔ سروے کے مطابق وزیر تعلیم کے پول میں 19 جنوری کے حق میں 154178 آرا آئیں جب کہ 24829 ووٹ 12 جنوری کے حق میں کاسٹ ہوئے ۔
وزیر تعلیم نے کہا کہ تمام سی ای اوز اپنے اپنے اضلاع میں فیصلے کا نفاذ یقینی بنائیں۔
دوسری جانب آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن نے چھٹیوں میں اضافہ مسترد کر دیا ہے۔ صدر ایسوسی ایشن کے مطابق پہلے ہی بہت تعلیمی نقصان ہوچکا ہے، پیر 12 جنوری کو پرائیویٹ اسکولز کھولنے کا اعلان کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ ہفتے تک موسم سرما شدت میں کمی ہو جائے گی۔