دھرندھر گانے کی ٹک ٹاک وائرل ویڈیو، پولیس وردی میں یہ لڑکی کون ہے؟
پولیس وردی میں دھرندھر گانے پر ٹک ٹاک وائرل ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین کی شدید تنقید سامنے آئی ہے۔
گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں خاتون پولیس افسر تھانے کے اندر بالی ووڈ فلم دھرندھر کے گانے پر ویڈیو بنارہی تھیں۔
یہ ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر مختلف اکاؤنٹس سے شیئر کی گئی، جس میں ایک خاتون پولیس وردی میں تھانے کے اندر موجود نظر آتی ہیں جبکہ پس منظر میں فلم دھرندھر کا گانا ’فاصلہ‘ چل رہا ہوتا ہے۔
ویڈیو کے ساتھ کیپشنز میں پولیس یونیفارم کے تقدس پر سوال اٹھائے گئے اور بعض صارفین نے اسے پولیس سے جوڑ کر تنقید کا نشانہ بنایا۔
تحقیق میں سامنے آیا کہ مذکورہ خاتون نے خود یہ ویڈیو 12 دسمبر 2025 کو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی تھی، جس کے کیپشن میں واضح طور پر لکھا گیا تھا کہ یہ محض ایک شوٹ ہے اور اصل پولیس اہلکار اس طرح کے لباس یا ہائی ہیلز استعمال نہیں کرتے۔
اداکارہ کی دیگر پوسٹس اور ویڈیوز سے بھی یہ بات واضح ہوتی ہے کہ پولیس وردی صرف ایک کردار کے طور پر استعمال کی گئی تھی۔
فیکٹ چیک کے مطابق یہ دعویٰ کہ وائرل ویڈیو میں دکھائی دینے والی خاتون ایک پاکستانی پولیس افسر ہیں، درست نہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ وہ ایک اداکارہ ہیں اور ویڈیو ایک مختصر فلم یا شوٹ کا حصہ ہے، اس لیے اس دعوے کو گمراہ کن قرار دیا گیا ہے۔