ٹی 20 ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش ٹیم کے میچز کی میزبانی کیلئے پاکستان بھی تیار
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش ٹیم کے میچز کی میزبانی کے لیے پاکستان بھی تیار ہے۔
ذرائع کے مطابق سری لنکا میں گراؤنڈز کی کمی پر پاکستان کے تمام میدان ان میچز کی میزبانی کے لیے دستیاب ہیں۔ سکیورٹی وجوہات پر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ بھارت جاکرکھیلنے سے انکارکرچکا ہے۔ بنگلہ دیش کےمیچز کہاں ہوں گے، اس کا فیصلہ اب آئی سی سی نے کرنا ہے۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو دو خطوط کے ذریعے واضح کرچکا کہ اس کے میچز سری لنکا منتقل کیے جائیں وہ بھارت میں اپنی ٹیم ہرگز نہیں بھجیں گے۔
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میزبان بھارت اور سری لنکا ہیں، پاکستانی ٹیم کے انکار کے بعد آئی سی سی نے پہلے ہی پاکستان کے تمام میچز سری لنکا میں شیڈول کیے ہیں۔ بنگلہ دیش کے تین میچز کولکتہ اورایک ممبئی میں رکھا گیا ہے۔
انتہاپسند بھارتیوں کی جانب سے بنگلہ دیش کے فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو جان سے مارنے کی دھمکی دینے اور انہیں آئی پی ایل سے نکالنے کے مطالبے پر بھارتی کرکٹ بورڈ نے کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے مالک اداکار شاہ رخ خان کو اپنی ٹیم سے بنگالی کرکٹر کو نکالنے کی ہدیات کی تھی جس کے بعد بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نےموقف اختیار کیا ہے کہ اگربھارت ایک کھلاڑی کو سکیورٹی نہیں دے سکتا تو پھر وہاں پوری بنگلہ دیش ٹیم کی حفاظت کیسے یقینی بنائے گا۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام بلبل کے مطابق آئی سی سی کو اپنے تحفظات تفصیل کے ساتھ لکھ کربھیج چکے ہیں، اب ان کی طرف سے جواب کے منتظر ہیں۔