ملک بھر میں اسمگلنگ کیخلاف کریک ڈاؤن؛ 24 کروڑ سے زائد مالیت کی منشیات برآمد
فوٹو: میڈیا
ملک بھر میں اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران 24 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمد کرلی گئی۔
ترجمان کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کیا، اس دوران مجموعی طور پر 9 کارروائیاں کی گئیں جن میں 5 ملزمان کو گرفتار کرکے 24 کروڑ 48 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 258.94 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی۔
تعلیمی اداروں کے اطراف کی گئی کارروائیوں کے دوران ساہو چوک ملتان کے قریب ایک ملزم کے بیگ میں چھپائی گئی 2 کلوگرام آئس برآمد کی گئی۔ گرفتار ملزم نے تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف بھی کیا ہے۔
دیگر کارروائیوں کے دوران گلبرگ لاہور میں واقع کوریئر آفس میں سعودی دارالحکومت ریاض جانے والے پارسل سے کتابوں میں چھپائی گئی 2.5 کلوگرام آئس برآمد کی گئی۔ اسی طرح علامہ اقبال ایئرپورٹ کے کارگو شیڈ میں دبئی جانے والے پارسل سے کتابوں میں جذب شدہ 765 گرام آئس برآمد ہوئی۔ علاوہ ازیں شاہ جمال روڈ لاہور میں واقع کوریئر آفس میں برطانیہ بھیجے جانے والے پارسل سے 6.72 کلوگرام وزنی 67200 والیم گولیاں برآمد کی گئیں۔
رنگ روڈ پشاور کے قریب ایک گاڑی سے 15.6 کلوگرام افیون برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کیا گیا۔ انڈس ہائی وے کوہاٹ کے قریب ایک گاڑی سے 10.8 کلوگرام چرس برآمد ہوئی جس میں 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ فتح جنگ ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب ایک گاڑی سے 2.4 کلوگرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کیا گیا۔
اسی طرح جی ٹی روڈ لاہور پر واقع کوریئر آفس میں کراچی سے آنے والے پارسل سے 20.16 کلوگرام والیم گولیاں برآمد کی گئیں جب کہ ویسٹرن بائی پاس ہزار گنجی کوئٹہ کے قریب سے 198 کلوگرام ہیروئن برآمد کی گئی۔
اے این ایف کے مطابق تمام کارروائیوں کے انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔