موٹرویز شدید دھند کے باعث بند، مسافروں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت
ملک کے مختلف حصوں میں شدید دھند کے باعث موٹرویز کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
ترجمان سنٹرل ریجن کے مطابق موٹروے ایم ٹو بلکسر سے کوٹ مومن تک بند کر دی گئی ہے جبکہ مین ٹول پلازہ اسلام آباد سے بلکسر تک بجانب لاہور موٹروے پر ٹریفک معطل ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ لاہور ایسٹرن بائی پاس کو بھی دھند کے باعث بند کر دیا گیا ہے جبکہ لاہور اسلام آباد موٹروے ایم ٹو پر حدِ نگاہ کم ہونے کے سبب آمدورفت روک دی گئی ہے۔
اسی طرح موٹروے ایم تھری فیض پور سے جڑانوالہ تک، موٹروے ایم فور پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد تک اور موٹروے ایم فائیو رحیم یار خان سے روہڑی تک شدید دھند کے باعث بند ہیں۔
ترجمان سنٹرل ریجن نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور حدِ نگاہ بہتر ہونے تک سفر ملتوی رکھیں۔
مزید کہا گیا ہے کہ ڈرائیور حضرات سفر کی صورت میں موٹروے پولیس کی ہدایات پر عمل کریں اور رفتار کم رکھیں۔