وہاڑی، ہیڈ اسلام پر ایک ارب روپے کے گراؤنڈ واٹر ریچارج منصوبے کا افتتاح
فوٹو: فائل
وہاڑی میں صوبائی وزیر آبپاشی نے ہیڈ اسلام کے مقام پر ایک ارب روپے کی لاگت سے تیار کیے گئے گراؤنڈ واٹر ریچارج منصوبے کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ پنجاب میں آبی تحفظ کی جانب ایک تاریخی پیش رفت ہے جو زیر زمین پانی کے تیزی سے ختم ہوتے ذخائر کو بحال کرنے میں مدد دے گا۔
صوبائی وزیر آبپاشی کاظم علی پیرزادہ نے بتایا کہ منصوبے کے تحت 144 کنویں تعمیر کیے جائیں گے جن کے ذریعے زیر زمین پانی کو دوبارہ ریچارج کیا جائے گا۔
ان کے مطابق اولڈ میلسی کینال کے ذریعے پانی کو مخصوص مقامات تک پہنچا کر زمین میں جذب کیا جائے گا تاکہ پانی کی سطح میں بہتری آئے۔
انہوں نے کہا کہ زیر زمین پانی کی مسلسل کمی پنجاب کے لیے ایک سنگین مسئلہ بنتی جا رہی ہے، جس کے حل کے لیے ایسے منصوبے ناگزیر ہو چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے سے نہ صرف صاف پانی کی دستیابی میں اضافہ ہوگا بلکہ ٹیوب ویلوں پر انحصار کم ہونے سے کسانوں کو بھی نمایاں فائدہ پہنچے گا۔
کاظم علی پیرزادہ کے مطابق اس منصوبے سے زرعی پیداوار میں اضافہ اور توانائی کے اخراجات میں کمی متوقع ہے، جبکہ دیہی آبادی کو بھی براہ راست فوائد حاصل ہوں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ یہ منصوبہ محکمہ آبپاشی اور آبپاشی ریسرچ کے باہمی اشتراک سے مکمل کیا گیا ہے۔
اس موقع پر صوبائی وزیر آبپاشی شاہد محمود مرزا نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث پانی کے وسائل پر شدید دباؤ بڑھ چکا ہے، جس کے پیش نظر گراؤنڈ واٹر ریچارج جیسے منصوبے مستقبل کے لیے انتہائی اہم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے سے ماحولیاتی بہتری، قدرتی وسائل کا تحفظ اور آبی توازن کی بحالی ممکن ہو سکے گی۔