پنوعاقل، کچے کے علاقے میں مسلح افراد کی فائرنگ، عالمانی برادری کا ایک شخص جاں بحق
پنوعاقل کے کچے کے علاقے رضا گوٹھ پولیس کی حدود میں مسلح افراد کی فائرنگ سے عالمانی برادری کا ایک شخص قتل ہو گیا۔ پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت واجد عالمانی کے نام سے ہوئی ہے۔
رضا گوٹھ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب چور سولر پلیٹیں چوری کر رہے تھے اور مقتول واجد عالمانی نے مزاحمت کی۔
مزاحمت پر مسلح ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں واجد عالمانی موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔
پولیس کے مطابق مقتول نے کچے کے علاقے میں مقاطعت پر زرعی زمین حاصل کر رکھی تھی اور وہیں موجود تھا کہ یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔
اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو قانونی کارروائی کے لیے جائے وقوعہ سے تحصیل اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔