مقامی حکومتوں سے متعلق سب کو مل بیٹھ کر طریقۂ کار طے کرنا ہوگا، اعظم نذیر تارڑ
وفاقی وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ مقامی حکومتوں سے متعلق سب کو مل بیٹھ کر طریقۂ کار طے کرنا چاہیے۔
اسلام آباد میں ڈیوولیشن سمٹ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں مقامی حکومتوں کے نظام کو مضبوط بنانے پر کام کیا جا رہا ہے اور پاکستان میں بھی اس سمت میں سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے۔
وفاقی وزیرِ قانون نے کہا کہ مقامی حکومتوں کے حوالے سے ہم سب کو اپنے رویے مثبت بنانے ہوں گے۔ انہوں نے زور دیا کہ ایک قومی جرگے کے ذریعے اس نظام کو بہتر بنایا جا سکتا ہے کیونکہ مقامی حکومتوں کا قیام ایک آئینی ضرورت ہے۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ اگر عوام کو صحیح معنوں میں فائدہ پہنچانا ہے تو کھلے دل کے ساتھ بیٹھ کر مکالمہ کرنا ہوگا، تاکہ مقامی سطح پر مؤثر، بااختیار اور عوام دوست نظام تشکیل دیا جا سکے۔