مونگ پھلی کھاتے وقت کی جانے والی غلطی، جو اصل فائدہ کم کردیتی ہے

مونگ پھلی کھاتے وقت بیشتر لوگ ایسی غلطی کر بیٹھتے ہیں جو اس کے اصل فائدے کو کم کردیتی ہے

جاپان میں 74 ہزار مردوزن پر تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ روزانہ مٹھی بھر مونگ پھلی کھانے سے بھی فالج اور امراضِ قلب کے خطرات کم ہوسکتے ہیں۔ فوٹو: فائل

سردیوں کا موسم آتے ہی گلیوں اور بازاروں میں بھنی ہوئی مونگ پھلی کی خوشبو فضا کو معطر کردیتی ہے، مگر اس مقبول میوہ کو کھاتے وقت بیشتر لوگ ایک ایسی غلطی کر بیٹھتے ہیں جو اس کے اصل فائدے کو کم کر دیتی ہے۔

عام طور پر مونگ پھلی کا باریک سرخ چھلکا معدے کےلیے نقصان دہ سمجھ کر الگ کر دیا جاتا ہے، حالانکہ غذائی ماہرین کے مطابق حقیقت اس کے بالکل برعکس ہے۔

ماہرینِ صحت کا کہنا ہے کہ مونگ پھلی کا یہی سرخ چھلکا اس کی اصل غذائیت کا مرکز ہوتا ہے۔ مونگ پھلی کو سستا، آسانی سے دستیاب اور توانائی سے بھرپور ہونے کے باعث ’’غریب آدمی کا بادام‘‘ بھی کہا جاتا ہے، لیکن اگر اس کا چھلکا اتار دیا جائے تو اس کے کئی اہم فوائد ضائع ہوجاتے ہیں۔

تحقیق کے مطابق مونگ پھلی کے سرخ چھلکے میں قدرتی فائبر، طاقتور اینٹی آکسیڈنٹس، وٹامن ای، وٹامن بی 6، پولی فینولز اور فلیوونائڈز جیسے قیمتی غذائی اجزا موجود ہوتے ہیں۔ یہ عناصر جسم کو فری ریڈیکلز کے مضر اثرات سے بچاتے ہیں، قوتِ مدافعت کو بہتر بناتے ہیں اور عمر کے ساتھ آنے والی کمزوریوں کو کم کرنے میں مدد دیتے ہیں۔

غذائی ماہرین اس بات پر متفق ہیں کہ مونگ پھلی کو اس کی قدرتی جھلی سمیت استعمال کرنا زیادہ مفید ثابت ہوتا ہے۔ ان کے مطابق یہ جھلی خلیوں کو تحفظ فراہم کرتی ہے، دل کی صحت کو بہتر بناتی ہے اور جسم میں توانائی کی سطح کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

اس سرخ چھلکے میں موجود فائبر نظامِ ہاضمہ کو درست رکھنے میں مدد دیتا ہے اور قبض جیسے عام مسائل سے بچاتا ہے۔ ساتھ ہی یہ خون میں شوگر کی سطح کو اچانک بڑھنے سے روکتا ہے، جس کے باعث ذیابیطس کے مریض بھی احتیاط کے ساتھ محدود مقدار میں مونگ پھلی استعمال کر سکتے ہیں۔

ماہرین یہ بھی خبردار کرتے ہیں کہ اگرچہ مونگ پھلی صحت بخش غذا ہے، تاہم اس کا حد سے زیادہ استعمال گیس، اپھارے یا بدہضمی کا سبب بن سکتا ہے۔ اسی لیے اعتدال کے ساتھ اس کا استعمال ضروری ہے۔ جن افراد کو مونگ پھلی سے الرجی ہو یا معدے کے سنگین مسائل لاحق ہوں، انہیں استعمال سے پہلے ڈاکٹر سے مشورہ کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔

سردیوں میں مونگ پھلی ایک مزیدار اور طاقت بخش اسنیک ثابت ہو سکتی ہے، بس شرط یہ ہے کہ اسے درست طریقے سے کھایا جائے۔ اگلی بار جب آپ مونگ پھلی کھائیں تو اس کے سرخ چھلکے کو ضائع کرنے کے بجائے یاد رکھیں کہ اصل فائدہ اور غذائیت اسی میں چھپی ہوئی ہے۔

Load Next Story