افغان سرحدی نقل و حرکت منظم کرنے سے پاکستان میں پولیو کیسز میں نمایاں کمی

اعداد و شمار کے مطابق 2025 میں پولیو کے کیسز میں 59.5 فیصد واضح کمی ریکارڈ کی گئی

فوٹو فائل

اسلام آباد:

ملک میں پولیو کے اعداد وشمار سے متعلق حکومتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ افغانستان کے ساتھ غیرمنظم سرحدی نقل و حرکت محدود کرنے کے فیصلے سے پولیو کے کیسز میں نمایاں کمی آگئی ہے۔

بیان کے مطابق پاکستان حکومت کی جانب سے 2025 میں افغانستان کے ساتھ غیر منظم سرحدی نقل و حرکت محدود کرنے کے لیے کیا گیا فیصلہ پولیو کے خلاف جدوجہد میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوا۔

اس ضمن میں بتایا گیا کہ سرحد پر آمدورفت اور اشیا کی نقل و حمل کو ضابطے میں لانے سے نہ صرف نگرانی بہتر ہوئی بلکہ پولیو وائرس کے پھیلاؤ میں بھی نمایاں کمی آئی۔

اعداد و شمار کے مطابق 2025 میں پولیو کے کیسز میں 59.5 فیصد واضح کمی ریکارڈ کی گئی اور وائرس کی ترسیل محدود جغرافیائی علاقوں تک سمٹ کر رہ گئی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ افغانستان میں پولیو کی مسلسل موجودگی اور دونوں ممالک کے درمیان بڑے پیمانے پر آبادی کی نقل و حرکت کے باعث غیر قانونی افغان مہاجرین کی واپسی اور آمدورفت کے بہتر انتظام نے وائرس کی دوبارہ درآمد کو روکنے میں مدد دی ہے۔

مزید بتایا گیا کہ اس کے ساتھ ساتھ موبائل آبادیوں میں ویکسی نیشن کوریج بہتر ہوئی اور فالو اپ نگرانی کا نظام مزید مضبوط ہوا جو پاکستان کی پولیو کے خاتمے کی کوششوں کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہے۔

Load Next Story