گورنر سندھ کا قلات آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو شاباش
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے بلوچستان کے ضلع قلات میں سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن پر فورسز کو شاباش دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپریشن کے دوران بھارتی حمایت یافتہ چار دہشت گرد ہلاک کیے گئے جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
گورنر سندھ نے کہا کہ یہ کامیاب کارروائی سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قربانیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد عناصر کے خلاف سخت اور مؤثر کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ ملک میں امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔
کامران خان ٹیسوری نے واضح کیا کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے "عزمِ استحکام" کے تحت جاری قومی مہم پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری رہے گی۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ریاست دشمن عناصر کو ہر محاذ پر ناکام بنایا جائے گا اور عوام کے جان و مال کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔