ایلون مسک کا بڑا اقدام، ایران میں اسٹارلنک کے ذریعے مفت انٹرنیٹ بحال
ایران میں گزشتہ دو ہفتوں سے بند انٹرنیٹ کے باعث اطلاعات کے بحران کے دوران ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک نے غیر معمولی قدم اٹھاتے ہوئے ایران میں اسٹارلنک سیٹلائٹ انٹرنیٹ مفت فراہم کر دیا ہے۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسپیس ایکس نے ایران میں پہلے سے موجود مگر غیر فعال اسٹارلنک اکاؤنٹس کو دوبارہ فعال کر دیا ہے جبکہ صارفین کی سبسکرپشن فیس بھی عارضی طور پر معاف کر دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ایران میں شدید احتجاج اور ہلاکتوں کی اطلاعات کے باوجود انٹرنیٹ بندش کے باعث درست اعداد و شمار تک رسائی ممکن نہیں رہی تھی، جس کے بعد اسٹارلنک کے ذریعے متبادل مواصلاتی راستہ کھولا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سیٹلائٹ انٹرنیٹ کی بدولت متعدد علاقوں میں رابطے بحال ہو چکے ہیں اور لوگ دنیا سے دوبارہ جڑنے لگے ہیں۔
امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایرانی حکام نے بعض علاقوں میں سگنل جیم کرنے والے آلات نصب کیے تاکہ اسٹارلنک سروس کو محدود کیا جا سکے، تاہم اس کے باوجود بیشتر مقامات پر انٹرنیٹ تک رسائی ممکن بن گئی ہے۔
یہ اقدام ایرانی صارفین کے لیے ایک اہم سہارا ثابت ہو رہا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب روایتی نیٹ ورکس غیر فعال ہیں۔
رپورٹس کے مطابق اسٹارلنک کی مفت فراہمی کا فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ایلون مسک کے درمیان حالیہ ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔
اس گفتگو میں ایران کی صورتحال اور وہاں سیٹلائٹ انٹرنیٹ کے ذریعے مواصلاتی سہولت فراہم کرنے پر تبادلۂ خیال کیا گیا تھا۔