شاہد کپور کی نئی فلم ’او رومیؤ‘ مشکلات کا شکار، ریلیز نہ کرنے کا مطالبہ
بالی ووڈ اداکار شاہد کپور کی نئی فلم ’او رومیو‘ اپنی ریلیز سے پہلے ہی قانونی مشکلات کا شکار ہوگئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہد کپور کی آنے والی فلم ’او رومیؤ‘ کے خلاف ایسے شخص کی بیٹی کی جانب سے فلم سازوں کو قانونی نوٹس بھیجا گیا ہے جسے فلم کی کہانی کا ممکنہ حقیقی کردار قرار دے رہے ہیں۔
حسین اُسترا کی بیٹی سنوبر شیخ نے فلم کے پروڈیوسرز کو قانونی نوٹس ارسال کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ فلم میں ان کے والد کی منفی تصویر کشی کی جاسکتی اور انہوں نے اس بنیاد پر 2 کروڑ روپے ہرجانے کا مطالبہ اور 7 دن کے اندر رقم ادا کرنے کا تقاضا کیا ہے۔
نوٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ’او رومیؤ‘ میں حسین اُسترا کو ممکنہ طور پر منفی انداز میں دکھایا گیا ہے، جس سے خاندان کی ساکھ متاثر ہوسکتی ہے۔
ذرائع کے مطابق سنوبر شیخ نے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ جب تک ان کے تحفظات دور نہیں کیے جاتے، فلم کی ریلیز کو روکا جائے یا منسوخ کیا جائے۔
خیال رہے کہ10 جنوری کو جاری کیے گئے فلم کے ٹیزر میں بتایا گیا ہے کہ ’او رومیؤ‘ حقیقی واقعات سے متاثر ہے جب کہ اس حوالے سے قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ فلم کی کہانی حسین اُسترا اور سپنا دیدی سے جڑی ہو سکتی ہے، تاہم فلم سازوں نے اب تک کسی حقیقی کردار پر مبنی ہونے کی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔
دوسری جانب، تاحال پروڈیوسرز اور ہدایت کار کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
واضح رہے کہ ’او رومیؤ‘ میں شاہد کپور، ترپتی ڈمری اور دیگر فنکاروں پر مشتمل بڑی کاسٹ شامل ہے، جب کہ فلم 13 فروری کو سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔