سرگودھا؛ شدید دھند کے باعث مسافر وین ٹرین سے ٹکرا گئی، 5افراد شدید زخمی
نواحی علاقے سوبھاگا ریلوے کراسنگ پر شدید دھند کے باعث مسافر ہائی ایس وین ہزارہ ایکسپریس ٹرین کی زد میں آگئی۔
اطلاعات کے مطابق ریلوے پھاٹک کراس کرتے ہوئے مسافر ہائی ایس وین ٹرین کی زد میں آئی جس کے نتیجے میں خوفناک تصادم ہوا، حادثے میں 5 افراد شدید زخمی ہوگئے جن میں سے 2 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق ڈرائیور اور دیگر زخمی مسافروں کو فوری طور پر تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال سلانوالی منتقل کر دیا گیا ہے۔
امدادی ٹیمیں موقع پر موجود ہیں اور ریسکیو آپریشن جاری ہے جبکہ کراچی سے آنے والی ہزارہ ایکسپریس ٹرین ایک گھنٹہ تک رکے رہنے کے بعد سرگودھا کے لیے روانہ ہوگئی۔