یوزویندر چہل کی سابقہ اہلیہ کے ساتھ ریئلٹی شو میں شرکت؟ اسپنر کا ردعمل آگیا
بھارتی کرکٹ ٹیم کے اسپنر یوزویندر چہل کے حوالے سے دعویٰ کیا جارہا تھا وہ کرکٹ کو خیرباد کہہ کر ایک بڑے ریئلٹی ٹی وی شو میں شرکت کرنے جا رہے ہیں، جس پر چہل کا ردعمل سامنے آگیا ہے۔
حال ہی میں یہ افواہیں سامنے آئیں کہ یوزویندر چہل بھارت کے آنے والے بڑے ریئلٹی شو ’دی 50‘ کا حصہ بننے والے ہیں، جو یکم فروری سے نشر ہونے جارہا ہے۔
بعض رپورٹس میں یہاں تک کہا گیا کہ اس شو میں چہل کی سابق اہلیہ دھناشری ورما کے ساتھ دوبارہ ملاقات بھی دکھائی جائے گی، جس نے شائقین کی توجہ مزید بڑھا دی۔
ان تمام خبروں پر ردِعمل دیتے ہوئے یوزویندر چہل نے باضابطہ بیان جاری کیا جس میں واضح کیا گیا کہ ان کی کسی بھی ریئلٹی شو میں شرکت کی خبریں بے بنیاد اور غلط ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نہ تو ان کا کسی ایسے شو سے کوئی تعلق ہے اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی بات چیت یا معاہدہ ہوا ہے۔ انہوں نے میڈیا اور سوشل میڈیا صارفین سے بھی اپیل کی کہ بغیر تصدیق ایسی معلومات پھیلانے سے گریز کیا جائے۔
یوزویندر چہل کی وضاحت کے بعد یہ واضح ہوگیا کہ وہ فی الحال کرکٹ ہی پر توجہ مرکوز رکھے ہوئے ہیں اور ریئلٹی ٹی وی میں آنے کی خبریں محض افواہیں ہیں۔