کینیڈا نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے لیے اسکواڈ کا اعلان کر دیا
کینیڈا نے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے لیے اپنے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا۔
یہ میگا ایونٹ 7 فروری سے 8 مارچ 2026 تک بھارت اور سری لنکا میں کھیلا جائے گا، جہاں کینیڈین ٹیم مسلسل دوسری بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کرے گی۔ اس سے قبل کینیڈا نے 2024 میں پہلی مرتبہ اس عالمی مقابلے میں جگہ بنائی تھی۔
کینیڈا کو ورلڈ کپ کے گروپ ڈی میں شامل کیا گیا ہے اور ٹیم اپنا پہلا میچ 9 فروری 2026 کو احمد آباد میں جنوبی افریقا کے خلاف کھیلے گی۔ اسکواڈ کی قیادت دلپریت باجوہ کو سونپی گئی ہے جبکہ ٹیم میں اجے ویر ہنڈال، انش پٹیل، دلون ہیلیگر، ہرش ٹھاکر، جسکرن دیپ بٹار، کلیم ثناء، کنور پال تتھگر، نونیٹ دھالیوال، نکولس کرٹن، رویندر پال سنگھ، سعد بن ظفر، شیوم شرما، شریاس مووا اور یوراج سمرا شامل ہیں۔
کینیڈا نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے کے لیے امریکن ریجنل کوالیفائنگ ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا جہاں ٹیم نے تمام میچز جیت کر ورلڈ کپ کا ٹکٹ حاصل کیا۔ کینیڈین کرکٹ بورڈ کو امید ہے کہ ٹیم اس بار بھی عالمی سطح پر متاثر کن کھیل پیش کرے گی۔