میئر کراچی نے واٹر ٹینکر سروس بند کرنے کا بیان واپس لے لیا، وضاحت جاری
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے واٹرٹینکر اور ہائیڈرنٹس بند کرنے کے حوالے سے اپنا بیان چند گھنٹوں میں ہی واپس لے لیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق شہر قائد کے ضلع وسطی کی اہم شاہراہ جہانگیر روڈ کی از سر نو تعمیر کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد میئر کراچی نے کہا کچھ علاقوں میں لوگ 90 سے 10 دن تک پانی نہ ملنے کی شکایت کرتے ہیں جبکہ بعض علاقوں میں پانی روز آتا اور ایسا آتا ہے کہ گاڑیاں تک دھوئی جاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پانی کی تقسیم کی یہ صورتحال ناانصافی کی عکاس ہے۔ مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ٹینکر سروس کوئی نئی چیز نہیں بلکہ یہ برسوں سے چل رہی ہے اور جہاں پانی نہیں پہنچتا وہاں ٹینکرز کے ذریعے فراہمی کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہر میں واٹر بورڈ کے 7 ہائیڈرنٹس کی مدت ختم ہو چکی ہے اور ہائیڈرنٹس کا ٹھیکہ دو سال کے لیے ہوتا ہے، ان کے مطابق فیصلہ یہ کرنا تھا کہ نیا ٹھیکہ دیا جائے، توسیع کی جائے یا انہیں بند کر دیا جائے۔
میئر کراچی نے کہا کہ واٹر کارپوریشن کو ہدایت کی ہے کہ پہلے پانی کی منصفانہ تقسیم کی جامع حکمتِ عملی تیار کی جائے اس کے بعد ہائیڈرنٹس یا واٹر ٹینکر سروس بند کرنے سے متعلق ہی کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ساتوں ہائیڈرنٹس کی فوری ٹینڈرنگ روک دی ہے اور واٹر کارپوریشن کا پروپوزل سٹی کونسل میں لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہائیڈرنٹس مکمل طور پر بند کر دیے جائیں تو یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ جن علاقوں میں لائن کا پانی نہیں پہنچتا وہاں ٹینکر کے بغیر پانی کیسے پہنچایا جائے گا۔
میئر کراچی نے کہا کہ 23 جنوری کو واٹر کارپوریشن کی بورڈ میٹنگ ہوگی جس میں ٹینکر سروس اور ہائیڈرنٹس کی بندش کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔
علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ جہانگیر روڈ پاکستان کے قیام کے بعد پہلی بار تعمیر ہورہا ہے اور اس یہ منصوبہ 60 روز میں مکمل ہوجائے گی، سڑک کی تعمیر سے پہلے نالوں اور سیوریج لائن کا اسٹریکچر بھی بچھایا جائے گا۔