رحیم یار خان: بچے کے سینے سے ’بغیر سر والا بچہ‘ نکالنے کی انوکھی سرجری
صوبہ پنجاب کے شہر رحیم یار خان کے شیخ زید اسپتال میں پانچ سالہ بچے کے سینے سے’ بغیر سر والا بچہ‘ سرجری کے بعد کامیابی سے نکال دیا گیا۔
بی بی سی اردو کے مطابق پیچیدہ سرجری پیر کے روز ڈاکٹر سلطان اویسی نے سرانجام دی۔
ڈاکٹر سلطان کے مطابق آپریشن کے ذریعے نکلایا گیا ’فیٹس‘ دل کی مرکزی شریان کے پاس موجود تھا۔
انہوں نے بتایا کہ فیٹس ان فیٹو کے اس کیس میں بچے کے کئی اعضا بن چکے تھے لیکن پانچ سال تک اس کی تشخیص نہیں ہو سکی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسے کیسز میں زیادہ تر بچہ نما یہ چیز پیٹ میں پائی جاتی ہے لیکن یہ کیس بچہ سینے میں پائے جانے کی وجہ سے اپنی نوعیت کا انوکھا کیس تھا۔