تھائی لینڈ میں 24 گھنٹے کے دوران دوسرا بڑا تعمیراتی حادثہ
تھائی لینڈ میں ایک اور ہولناک تعمیراتی حادثہ پیش آیا ہے، جہاں دارالحکومت بینکاک کے قریب راما 2 روڈ کے ایلیویٹڈ ایکسپریس وے منصوبے پر ایک تعمیراتی کرین گرنے سے کم از کم ایک شخص ہلاک ہو گیا۔ حادثہ جمعرات کی صبح تقریباً 9 بجے ساموت ساکھون صوبے میں پیش آیا۔
حکام کے مطابق کرین گرنے سے دو گاڑیاں ملبے تلے دب گئیں جبکہ ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ اگرچہ سرکاری طور پر ہلاکتوں کی مکمل تصدیق نہیں کی گئی، تاہم فائر اینڈ ریسکیو تھائی لینڈ کے مطابق کم از کم ایک شخص جان سے گیا ہے۔
یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب صرف ایک دن قبل شمال مشرقی صوبے ناکھون راتچاسیما میں ایک کرین گرنے سے مسافر ٹرین تباہ ہوئی تھی، جس میں 32 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ اس حادثے میں سرچ آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے اور حکام کے مطابق ٹرین میں موجود 171 مسافروں میں سے تین افراد کے بارے میں تحقیقات جاری ہیں۔
A construction crane collapsed on Rama II Road in Samut Sakhon, Thailand 🇹🇭 (15.01.2026) pic.twitter.com/5HF0FJvkip
حکام نے بتایا کہ گرنے والی کرین ایک لانچنگ گینٹری کرین تھی، جو عام طور پر بلند سڑکوں کی تعمیر میں استعمال ہوتی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں حادثات کی تحقیقات جاری ہیں اور تاحال کسی کمپنی کے خلاف مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔
راما 2 روڈ ایکسپریس وے منصوبہ ماضی میں بھی متعدد مہلک تعمیراتی حادثات کے باعث تنقید کی زد میں رہا ہے، جس کے بعد عوامی حلقوں میں تعمیراتی منصوبوں کی حفاظت پر شدید تحفظات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔