خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری کا منامہ میں بحرین نیشنل میوزیم اور پرل میوزیم کا دورہ
خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری نے منامہ میں بحرین نیشنل میوزیم اور پرل میوزیم کا دورہ کیا۔
اس موقع پر ان کے ہمراہ بحرین کی وزیرِ مملکت برائے ہاؤسنگ اینڈ اربن پلاننگ، آمنہ بنت احمد الرمیحی موجود تھیں۔
میوزیم پہنچنے پر ڈائریکٹر جنرل میوزیمز اینڈ کلچر فرح محمد مطر اور ڈائریکٹر کمیونیکیشنز اینڈ پارٹنرشپس ہانی علی بہزاد نے خاتون اول کا استقبال کیا۔
اس موقع پر آصفہ بھٹو زرداری کو دونوں میوزیمز کا تفصیلی دورہ کرایا گیا جہاں بحرین کا شاندار ثقافتی ورثہ، تاریخی اور قدیم تہذیبی روایات کو مؤثر انداز میں پیش کیا گیا ہے۔
میوزیمز میں بحرین کی عالمی شہرت یافتہ سمندری زندگی اور موتیوں سے متعلق روایات کو بھی نمایاں کیا گیا ہے۔آصفہ بھٹو زرداری نے پرتپاک مہمان نوازی اور بحرین کے ثقافتی و تاریخی خزانوں کا مشاہدہ کیا۔
انہوں نے قومی ورثے کے تحفظ اور تاریخ کی حفاظت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ شناخت، اتحاد اور آئندہ نسلوں کے لیے رہنمائی کا ذریعہ ہے۔
آصفہ بھٹو زرداری نے پاکستان اور بحرین کے درمیان ثقافتی سفارتکاری، میوزیمز کے حوالے سے تعاون، تعلیمی تبادلوں اور آثارِ قدیمہ کے تحفظ کے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات کو بھی اُجاگر کیا۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک شاندار تہذیبی ورثے کے حامل ہیں، جن میں پاکستان کی وادیٔ سندھ کی تہذیب اور بحرین کی قدیم دلمن تہذیب شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ثقافتی ورثے کے تحفظ میں باہمی تعاون سے عوامی روابط مضبوط ہوں گے اور دونوں ممالک کے درمیان باہمی فہم و آگاہی میں مزید اضافہ ہوگا۔