وزیراعظم نے چیئرمین ایچ ای سی کی تعیناتی کیلیے بھیجی گئی سمری مسترد کردی

وزیراعظم کا سمری میں شامل ناموں پر شدید برہمی کا اظہار، چیئرمین ایچ ای سی کیلیے دوبارہ اشتہار جاری کرنے کا فیصلہ

فوٹو: فائل

وزیر اعظم پاکستان نے چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی تعیناتی سے متعلق سمری مسترد کر دی جبکہ سمری میں شامل ناموں پر ناراضی کا اظہار بھی کیا ہے۔

وزارت تعلیم کے ذرائع نے بتایا ہے کہ چیئرمین ایچ ای سی کی تعیناتی کی سمری وزیر اعظم کو بھجوائی گئی، سابق چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد کی مدت ملازمت ختم ہونے کے بعد 30 جولائی 2025 سے عہدہ خالی ہے۔

وزیر اعظم کو بھجوائی گئی سمری میں وائس چانسلر این ای ڈی یونیورسٹی ڈاکٹر سروش حشمت لودھی، وائس چانسلر قائد اعظم یونیورسٹی ڈاکٹر نیاز احمد اختر اور پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی کے نام شامل تھے۔

وزیراعظم نے سمری مسترد کرتے ہوئے اسے دوبارہ وزارت تعلیم کو بھیج دیا جبکہ سمری میں شامل ناموں پر سخت ناراضی کا اظہار بھی کیا۔

سمری مسترد ہونے کے بع اب چیئرمین کی اسامی کیلیے دوبارہ اشتہار جاری کیا جائے گا۔

وزیر اعظم پاکستان نے وفاقی وزیر تعلیم کی سربراہی میں چیئرمین کی تلاش کیلیے سرچ کمیٹی تشکیل دی تھی، آسامی مشتہر ہونے کے بعد 750امیدواروں نے آسامی پر اپلائی کیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے ابتدائی طور پر کوشش کی گئی کہ کوئی غیرملکی امیدوار چیئرمین ایچ ای سی کے لیے چنا جائے تاہم مراعاتی پیکج بین الاقوامی معیار کے مطابق نہ ہونے کے باعث مقامی 'وائس چانسلرز کی بیوروکریسی' میں سے ہی امیدواروں کو چنا گیا۔

ماہرین تعلیم کا کہنا ہے کہ سابق سربراہان کو پالیسی گائیڈ لائنز پر کام نہیں کر سکے ہیں، فنڈنگ اور پالیسی گائیڈ لائنز پر مزید کام ہونا چاہیے، وائس چانسلرز کے بیوروکریسی کیساتھ گٹھ جوڑ ختم ہونا چاہیے کیونکہ وہی نام گزشتہ دو دہائیوں سے وائس چانسلرز کے عہدوں پر تعینات ہورہے ہیں۔

متعلقہ

Load Next Story