ہنی سنگھ کا غیر اخلاقی بیان وائرل، گلوکار نے معافی مانگ لی

خواتین سے متعلق غیر اخلاقی بات کرنے پر صارفین نے گلوکار کو آڑے ہاتھوں لے لیا

نامور بھارتی گلوکار وموسیقار یو یو ہنی سنگھ نے سوشل میڈیا پر وائرل اپنے غیر اخلاقی بیان کے حوالے سے وضاحت جاری کردی۔

سوشل میڈیا پر بھارتی میوزک کمپوزر، ریپر، پاپ گلوکار یو یو ہنی سنگھ کا ایک کلپ تیزی سے وائرل ہورہا ہے جس میں وہ نئی دلی میں ایک میوزک کنسرٹ کے دوران شدید سردی سے متعلق ایک غیر اخلاقی بات کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

یو یو ہنی سنگھ کا کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی صارفین نے گلوکار کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور ان کے بیان کو نہ صرف غیر اخلاقی قرار دیا بلکہ گلوکار سے معافی مانگنے کا بھی مطالبہ کیا۔

گلوکار نے ویڈیو بیان میں کہا کہ صبح سے میرا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر ایڈیٹ کرکے وائرل کیا جارہا ہے جو بہت سے لوگوں کو برا لگ رہا ہے، میں آپ لوگوں کو اس کی کہانی بتانا چاہتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے ایک شو میں بطور مہمان شرکت کی اور اس سے ایک روز قبل مختلف ڈاکٹرز سے میری ملاقات ہوئی تھی جس میں انہوں نے بتایا کہ آج کل کی نسل (جنسی طور پر منتقل ہونے والی بیماری) سے بہت سے متاثر ہورہی ہے۔

مزید کہا کہ شو کے دوران بھی میں نے  جب جین زی کی بڑی تعداد دیکھی تو سوچا ان کو انہیں کی زبان میں مشورہ دے دوں،  اور میں نے او ٹی ٹی کی زبان یعنی جو زبان انہیں فلموں اور ڈراموں میں پسند ہے، اسی زبان میں سمجھانے کی کوشش کی کہ وہ اس حوالے سے احتیاط کریں۔

یو یو ہنی سنگھ کا کہنا تھا کہ جین زی کے لیے استعمال کردہ زبان کچھ لوگوں کو بہت بری لگی، میں ان سے اپنے بیان پر معافی مانگتا ہوں، میرا کسی کو ٹھیس پہنچانے کا کوئی مقصد نہیں تھا، انسان غلطیوں کا پتلا ہے اور میں کوشش کروں گا آج کے بعد ایسی زبان استعمال نہیں کروں۔

انہوں نے یہ اعتراف کیا کہ ایک وقت ایسا بھی آیا جب انہوں نے خود کو مردہ تصور کر لیا تھا اور وہ ذہنی مریض بن چکے تھے۔

Load Next Story