وارنٹ گرفتاری؛ ایمان مزاری اور انکے شوہر نے عدالتی احکامات چیلنج کردیا
فوٹو: فائل
ایڈووکیٹ ایمان مزاری اور ان کے شوہر ہادی علی چٹھہ نے وارنٹ گرفتاری اور دیگر عدالتی احکامات کو چیلنج کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ایڈووکیٹ ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ نے متنازع ٹوئٹس کیس میں وارنٹ گرفتاری اور دیگر عدالتی احکامات کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے ٹرائل کورٹ کے احکامات کالعدم قرار دینے کی استدعا کردی ۔
واضح رہے کہ ٹرائل کورٹ نے حکم دیا ہے کہ پولیس سے ایس پی اور این سی سی آئی اے سے ڈپٹی ڈائریکٹر سے کم رینک کا افسر ملزمان کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کرتے ہوئے ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کو گرفتار کرکے کل عدالت میں پیش کرے۔
ایمان مزاری ایڈووکیٹ اور ہادی علی چٹھہ ایڈووکیٹ نے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے اور حق دفاع ختم کرنے کے ٹرائل کورٹ کے حکمنامے کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا کیا ہے، جس میں استدعا کی گئی ہے کہ وارنٹ گرفتاری معطل کرکے پولیس کو گرفتاری سے روکا جائے جب کہ 15 جنوری کا حق دفاع ختم کرنے کا حکم بھی کالعدم قرار دیا جائے ۔
یاد رہے کہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج افضل مجوکہ نے ایڈووکیٹ ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کے ورانٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔ عدالت نے حق دفاع ختم کرکے اسٹیٹ کونسل سے 342 کا بیان طلب کیا تھا ، جس پر اسٹیٹ کونسل نے آج ٹرائل کورٹ میں 342 کا بیان عدالت کے سامنے جمع کرا بھی دیا ہے۔
دوسری جانب ایک بار پھر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکا نے ایمان مزاری ایڈووکیٹ اور ہادی علی چٹھہ کو گرفتار نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم سنادیا ۔
عدالت سے جاری تحریری حکمنامے کے مطابق ہادی علی چٹھہ اور ایمان مزاری عدالت پیش نہیں ہوئے،تفتیشی افسر کے مطابق ملزمان کی وارنٹ کی تعمیل نہیں کی گئی کیونکہ ملزمان اپنی رہائش گاہ پر موجود نہیں تھے۔
تفتیشی افسر کے مطابق ملزمان جان بوجھ کرگرفتاری سے بچنےکےلیے راہ فرار اختیار کررہےہیں۔ عدالت نے کہا ہے کہ پولیس کو وارنٹ کی تعمیل کےلیے وقت دیاجاتاہے اور ملزمان کے دوبارہ وارنٹ گرفتاری جاری کیےجاتےہیں۔ عدالت نے حکم دیا کہ پولیس سے ایس پی اور این سی سی آئی اے سے ڈپٹی ڈائریکٹر سے کم رینک کا افسر وارنٹ کی تعمیل کےلیے تعینات نہ کیاجائے۔ ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کو گرفتار کرکے کل عدالت میں وڈیولنک کے ذریعے پیش کیاجائے۔
بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی۔