سانول عیسی خیلوی نے اپنے والد کیساتھ 70 کی دہائی کا مشہور گیت بے وفا ریلیز کردیا
گلوکار سانول عیسی خیلوی نے اپنے والد عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی کیساتھ 70 کی دہائی کا مشہور گیت بے وفا ریلیز کردیا۔
پاکستانی موسیقی کے لیجنڈ گلوکار عطاء اللہ عیسی خیلوی اور ان کے صاحبزادے نوجوان گلوکار سانول عیسی خیلوی نے ماضی کے مقبول گیت بے وفا کو ایک نئے انداز میں ریلیز کر کے شائقینِ موسیقی کو سال نو کا خوشگوار سرپرائز دے دیا ہے۔
گیت میں کلاسک درد، جذبات اور سادگی کو برقرار رکھتے ہوئے ماضی کو حال سے جوڑنے کی کوشش کی گئی ہے، جسے مداح دو نسلوں کی خوبصورت موسیقی کا حسین امتزاج قرار دے رہے ہیں۔
اس موقع پر سانول عیسی کا کہنا تھا کہ اپنے والد کے ساتھ یہ گیت گانا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، یہ صرف ایک گیت نہیں بلکہ ہماری موسیقی کی وراثت ہے گیت نہ صرف پرانے مداحوں کے لیے یادوں کی تازگی ہے بلکہ نئی نسل کے لیے کلاسک پاکستانی موسیقی سے جڑنے کا ایک خوبصورت موقع بھی ہے۔