پشاور میں جعلی نوٹ پھیلانے والے 2 ملزمان گرفتار، 14 لاکھ روپے سے زائد کی جعلی کرنسی برآمد
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے پشاور کے بازاروں، تجارتی مراکز سمیت دیگر مقامات پر استعمال کیلیے جعلی کرنسی اسمگل کرنے والے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل پشاور نے جعلی پاکستانی کرنسی کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے بڑی کارروائی کے دوران دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گرفتار ملزمان کو پشاور سمیت صوبے کے دیگر بازاروں ،تجارتی مراکز میں جعلی نوٹ استعمال کرنے کی شکایت پر گرفتار کیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان میں عبدالوہاب اور سیف اللہ شامل ہیں، جنہیں پشاور سے حراست میں لیا گیا۔
کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر 14 لاکھ 35 ہزار روپے مالیت کے جعلی کرنسی نوٹ اور ایک پستول برآمد کیا گیا جبکہ واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی تحویل میں لے لی گئی۔
ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور جعلی کرنسی کے نیٹ ورک میں شامل دیگر عناصر کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔