کراچی: گل پلازہ میں لگنے والی آگ تیسرے درجے کی قرار، 3 افراد جاں بحق، 20 زخمی

آگ کو تیسرے درجے کی قرار، پلازہ کے گراؤنڈ فلور کی تمام دکانیں اور گودام آگ کی لپیٹ میں ہیں، چیف فائر آفیسر

فوٹو: اسکرین گریب

کراچی:

ایم اے جناح روڈ پر واقع شاپنگ پلازہ میں آگ لگی جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوگئے جبکہ کئی افراد کے عمارت میں پھنسے ہونے کی اطلاع ہے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق عمارت میں آتشزدگی کے باعث دم گھٹنے کی وجہ سے 3 افراد جاں بحق اور15 زخمی ہوگئے ہیں، جن میں سے متعدد کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے، جنہیں سول اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ جاں بحق افراد کی شناخت آصف، فراز اور عامر کے ناموں سے ہوئی۔

چیف فائر آفیسر نے بتایا کہ گراؤنڈ فلور کی تمام دکانیں اورگودام آگ کی لپیٹ میں ہیں، آگ کو تیسرے درجے کی قرار دے کر شہر بھر سے فائرٹینڈرز طلب کرلیے گئے ہیں، پھنسے ہوئے افراد کو اسنارکل کی مدد سے نکالا جا رہا ہے۔

حکام کے مطابق شاپنگ پلازہ پر لگی آگ تیسری منزل تک پہنچ گئی ہے اور گل پلازہ میں بیسمنٹ مارکیٹ بھی موجود ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ریسکیو 1122 کی جانب سے آگ پر قابو پانے کا عمل جاری ہے۔

ترجمان واٹر بورڈ نے بیان میں بتایا کہ گل پلازہ میں آتشزدگی کے واقعے پر فائر بریگیڈ اور ریسکیو 1122 نے واٹر کارپوریشن سے فوری مدد طلب کرلی ہے اور سی ای او احمد علی صدیقی کی ہدایت پر نیپا اور صفورہ ہائیڈرنٹس پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ واٹر کارپوریشن کی جانب سے فوری طور پر واٹر ٹینکرز جائے وقوع پر روانہ کردیے گئے ہیں، انچارج ہائیڈرنٹس سیل محمد صدیق تنیو فائر بریگیڈ اور ریسکیو حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ فوکل پرسن سی ای او برائے ہائیڈرنٹس سیل شہباز بشیر آپریشن کی خود نگرانی کر رہے ہیں، آگ بجھانے کے عمل میں فائر بریگیڈ کو بلا تعطل پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے اور واٹر کارپوریشن فائر بریگیڈ اور ریسکیو اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کر رہا ہے۔

وزیرداخلہ سندھ کا حکام کو فوری اقدامات کی ہدایت

وزیرداخلہ سندھ ضیاالحسن لنجار نے گل پلازہ میں آتشزدگی کے واقعے پر حکام کو ہدایت کی کہ فوری طور پر ریسکیو کے اقدامات کریں اور شہریوں کو محفوظ راستے کے لیے ٹریفک کے متبادل روٹس بنائے جائیں۔

انہوں نے ایس کہا کہ تفتیش اور تحقیق سے آگ لگنے کی وجوہات کا پتہ لگائیں۔

وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ گل پلازہ کی عمارت کو مکمل محفوظ اور سیکیور کیا جائے اور آگ مزید پھیلنے سے روکا جائے اور گل پلازہ تک فائر بریگیڈ گاڑیوں اور عملے کی رسائی کے لیے راستے کلیئر کیے جائیں۔

سندھ رینجرز کے جوان واقعے کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈی جی رینجرز سندھ کی خصوصی ہدایت پر سندھ رینجرز کے چاق و چوبند دستے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچے اور امدادی کاموں میں حصہ لیا۔

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کا گل سینٹر کا دورہ

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری گل سینٹر پہنچے اور متاثرہ تاجروں سے ملاقات کی۔ انہوں نے آگ لگنے کے واقعے پر بریفنگ لی جبکہ ریسکیو و امدادی کارروائیوں کا جائزہ بھی کیا۔

گورنر سندھ نے متاثرین کے نقصانات اور بحالی کے اقدامات پر فوری ہدایات بھی جاری کیں۔

میئر کراچی کا اظہار افسوس

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے گل پلازا میں آتشزدگی کے باعث جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جانی نقصان پر شدید افسوس ہے، غمزدہ لواحقین کے اس مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

میئر کراچی نے کہا کہ فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر موجود ہیں جبکہ ریسکیو اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

میئر کراچی نے بلدیہ عظمیٰ کے تمام محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ متاثرین کو ہر ممکن امداد اور فوری ریسکیو فراہم کیا جائے تاکہ مزید جانی نقصان سے بچا جا سکے۔

وفاقی سطح پر سندھ حکومت کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں، مصطفیٰ کمال

وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کراچی ایم اے جناح روڈ پر گل پلازہ میں آتشزدگی کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔

انہوں نے کہا کہ آگ کے واقعے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہوں۔ وزیر صحت نے ہدایت کی کہ زخمیوں کو فوری اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔

مصطفیٰ کمال نے پیش کش کی کہ وفاقی سطح پر سندھ حکومت کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں، ریسکیو ادارے متاثرہ عمارت میں پھنسے افراد کو بحفاظت نکالنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کریں، آگ پر جلد از جلد قابو پانا اور مزید جانی نقصان سے بچاؤ اولین ترجیح ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی و شہری حکومتیں فائر بریگیڈ اور ریسکیو آپریشن کو مزید مؤثر بنائیں۔

میئر کراچی کی ہدایت پر کے ایم سی کی ہیوی مشینری گل پلازہ پہنچ گئی

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی ہدایت پر میونسپل کمشنر اور دیگر افسران کی سربراہی میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کی ہیوی مشینری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔

ترجمان کے مطابق میونسپل کمشنر سید محمد افضل زیدی ریسکیو آپریشن کی براہِ راست نگرانی کر رہے ہیں۔ میونسپل سروسز اور فائر بریگیڈ کی مشینری موقع پر موجود ہے، جبکہ ضرورت پڑنے پر مزید مشینری بھی الرٹ رکھی گئی ہے۔

ترجمان بلدیہ عظمیٰ متاثرہ شہریوں کو فوری ریسکیو اور ہر ممکن امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ شہریوں کی جان و مال کا ہر حال میں تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔

اسپیکر سندھ اسمبلی کا اظہار تعزیت

اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ نے گل شاپنگ پلازہ میں آتشزدگی کے افسوسناک واقعے اور قیمتی جانوں کے ضیاع و مالی نقصان پر افسوس کرتے ہوئے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا اور متعلقہ اداروں کو ہر ممکن معاونت کی ہدایت بھی کی ہے۔

اپوزیشن لیڈر کا اظہار افسوس

اپوزیشن لیڈر سندھ علی خورشیدی نے گل پلازہ میں آتشزدگی کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کو سانحہ قرار دے دیا۔

علی خورشیدی نے کہا کہ گل پلازہ سانحہ دلخراش ہے، جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں، آتشزدگی کے واقعات پر قابو پانے کے لیے مؤثر اقدامات نہ ہونا تشویشناک ہے۔

اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی نے کہا کہ مزید جانی نقصان سے بچاؤ کے لیے ریسکیو اور امدادی کارروائیوں میں تیزی لائی جائے، متاثرین کو ہر ممکن امداد اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔

 

 


 

 

 

Load Next Story