بنگلادیش کے بھارت نہ جانے کے مؤقف پر آئی سی سی کا حتمی فیصلہ 21 جنوری کو ہوگا

آئی سی سی نے بنگلادیش کرکٹ بورڈ کو حتمی تاریخ سے آگاہ کر دیا

آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ میں بنگلادیش کی شرکت کا معاملہ مزید پیچیدہ ہوتا جارہا ہے اور اس حوالے سے حتمی فیصلہ 21 جنوری کو ہوگا۔ بین الاقوامی کرکٹ کونسل اس دن یہ طے کرے گی کہ بنگلادیشی ٹیم اپنے میچز کہاں کھیلے گی اور آیا وہ بھارت جائے گی یا نہیں۔

کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق آئی سی سی نے بنگلادیش کرکٹ بورڈ کو حتمی تاریخ سے آگاہ کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں ہفتے کے روز ڈھاکا میں آئی سی سی اور بی سی بی کے درمیان اہم اجلاس ہوا جس میں بنگلادیش نے ایک بار پھر بھارت نہ جانے کے اپنے مؤقف کو دہرایا۔

اجلاس کے دوران بی سی بی نے آئی سی سی کے وفد کے سامنے بھارت میں سیکیورٹی خدشات کا معاملہ اٹھایا اور مؤقف اختیار کیا کہ موجودہ حالات میں ٹیم کا بھارت جانا ممکن نہیں ہے۔ واضح رہے کہ بنگلادیش ٹی20 ورلڈکپ کے گروپ سی میں شامل ہے اور اس کے تمام میچز بھارت میں شیڈول کیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ مستفیض الرحمان کو آئی پی ایل سے نکالے جانے کے بعد سیکیورٹی خدشات کی بنا پر بنگلادیشی بورڈ نے بھارت میں ورلڈکپ میچز کھیلنے سے انکار کر دیا تھا۔

اب تمام نظریں 21 جنوری پر مرکوز ہیں جب آئی سی سی بنگلادیش کی شرکت اور میچز کے مقام سے متعلق حتمی فیصلہ سنائے گی جو ٹی20 ورلڈکپ کے شیڈول اور انتظامات پر بھی گہرے اثرات مرتب کر سکتا ہے۔

 

متعلقہ

Load Next Story