گل پلازہ سانحہ قومی المیہ بن چکا، سیاست بعد میں ہوگی، پہلے متاثرین کا ازالہ کریں، گورنر سندھ

بولٹن مارکیٹ کی طرز پر گل پلازہ کے متاثرین کی مدد کی جائے، فاروق ستار

کراچی:

گل پلازہ میں لگنے والی خوفناک آگ 27 گھنٹے گزرنے کے باوجود مکمل طور پر قابو میں نہ آ سکی، جس پر گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا اور کہا کہ یہ واقعہ اب ایک قومی سانحہ اختیار کر چکا ہے، سیاست بعد میں ہوگی، پہلے تمام متاثرہ افراد کی جانیں بچانا اور مالی نقصانات کا ازالہ یقینی بنایا جائے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ 70 سے زائد افراد کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات انتہائی افسوسناک ہیں، جن خاندانوں کے پیارے واپس نہیں آئے، ان کا دکھ ہم سب کا دکھ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ واقعے کے فوری بعد نیوی، کے پی ٹی، ڈی آئی جی ساؤتھ اور فائر بریگیڈ سمیت تمام متعلقہ اداروں سے رابطہ کیا گیا تاکہ مشترکہ کوششوں سے ریسکیو اور فائر فائٹنگ کا عمل تیز کیا جا سکے۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ ایک حاملہ خاتون تاحال اندر موجود ہے جس کے شوہر سے مسلسل رابطہ رکھا جا رہا ہے متاثرہ خاندان کی تکلیف ناقابل بیان ہے۔

کامران خان ٹیسوری نے بتایا کہ شہر کے تین بڑے بلڈرز کو طلب کیا گیا ہے تاکہ مارکیٹ کے صدر کے ساتھ مل کر اس بات کا تعین کیا جا سکے کہ گل پلازہ کو کتنے دنوں میں دوبارہ قابل استعمال بنایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ بعض لوگ اختیارات کی بات کرتے ہیں مگر بطور گورنر ان کے پاس اخلاقی اختیار ضرور ہے اور وہ عوام کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

گورنر سندھ نے اعلان کیا کہ متاثرین کے لیے ڈھائی ہزار پانی کی بوتلیں فراہم کی گئی ہیں جبکہ کل سے متاثرہ افراد کے لیے کھانے کا انتظام ذاتی طور پر ان کی جانب سے کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ جب تک نقصان کا ازالہ نہیں ہوتا وہ متاثرین کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

انہوں نے اس موقع پر تمام سیاسی جماعتوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی یہاں آ رہا ہے اس کا مقصد سیاست نہیں بلکہ اظہارِ ہمدردی ہے اختلافات کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا ہم سب کو ایک ساتھ کھڑا ہونا ہوگا۔

گورنر سندھ نے سیلزمین کے لیے ہیلپ لائن 1366 پر رابطے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ تمام متاثرہ سیلزمین کو راشن ان کے گھروں تک پہنچایا جائے گا، جبکہ دکانوں کے مالکان بھی خود کو رجسٹر کرائیں تاکہ ان کی بلڈرز سے ملاقات کرا کے نقصانات کے ازالے کا راستہ نکالا جا سکے۔

اس موقع پر ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار نے کہا کہ جس طرح ماضی میں بولٹن مارکیٹ کے متاثرین کا ازالہ کیا گیا تھا، اسی طرز پر گل پلازہ کے متاثرین کا بھی مکمل ازالہ کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ گورنر سندھ نے بروقت کارروائی کی جس کے باعث مزید تباہی سے بچاؤ ممکن ہوا، اور ایم کیو ایم ہر سطح پر متاثرین کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی۔

متعلقہ

Load Next Story