راولپنڈی میں آج سے تعلیمی ادارے کھل گئے، ٹریفک انتظامات مکمل، سی ٹی او فرحان اسلم

اسکولوں اور کالجوں کے باہر چھٹی کے اوقات میں صرف سنگل لائن پارکنگ کی اجازت دی جائے گی، چیف ٹریفک آفیسر

راولپنڈی:

شہر بھر میں آج سے اسکولوں اور کالجوں میں تعلیمی سرگرمیاں بحال ہو گئی ہیں۔ اس موقع پر چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) راولپنڈی فرحان اسلم کی ہدایات پر تعلیمی اداروں کے اطراف ٹریفک انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے تاکہ طلبہ، والدین اور شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

سی ٹی او فرحان اسلم نے تمام سرکل اور سیکٹر انچارجز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اسکول انتظامیہ کے ساتھ قریبی رابطے میں رہتے ہوئے بہترین ٹریفک انتظامات کو یقینی بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام انچارجز اسکول کھلنے اور چھٹی کے اوقات میں خود فیلڈ میں موجود رہیں گے۔

چیف ٹریفک آفیسر کے مطابق اسکولوں اور کالجوں کے باہر چھٹی کے اوقات میں صرف سنگل لائن پارکنگ کی اجازت دی جائے گی جبکہ رانگ پارکنگ کے خاتمے کے لیے فورک لفٹرز تعینات کیے جائیں گے۔

انہوں نے ہدایت دی کہ اہم شاہراہوں اور چوک چوراہوں پر پیٹرولنگ ڈیوٹی میں اضافہ کیا جائے۔

سی ٹی او نے تعلیمی اداروں کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ اسکول اور کالجوں کے باہر پک اینڈ ڈراپ لین کو واضح طور پر نشان زد کیا جائے اور کسی بھی قسم کی ریڑھی یا ٹھیلے کو تعلیمی اداروں کے باہر لگنے کی اجازت نہ دی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک ایجوکیشن یونٹ تعلیمی اداروں میں ٹریفک قوانین اور روڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی لیکچرز کا شیڈول مرتب کرے گا۔

سی ٹی او فرحان اسلم نے تمام روڈ یوزرز سے اپیل کی کہ وہ ٹریفک قوانین پر عمل کرتے ہوئے ٹریفک کی بلا رکاوٹ روانی میں تعاون کریں۔

Load Next Story