سانحہ گل پلازہ: حارث رؤف کی ناقص انتظامات پر حکومت پر شدید تنقید

ناقص فائر سیفٹی انتظامات، امدادی کارروائی میں تاخیر، غیر مؤثر حکمتِ عملی نے اس المیے کو مزید سنگین بنادیا، حارث رؤف

قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف نے سانحہ گل پلازہ پر حکومت پر شدید تنقید کی ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں حارث رؤف نے کہا کہ یہ سانحہ ہماری اجتماعی ناکامی کو بے نقاب کرتا ہے، جہاں انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے موجود نظام بری طرح ناکام ثابت ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ناقص فائر سیفٹی انتظامات، امدادی کارروائی میں تاخیر اور غیر مؤثر حکمتِ عملی نے اس المیے کو مزید سنگین بنا دیا۔

حارث رؤف نے کہا کہ اس غفلت کی قیمت نہایت بھاری تھی، قیمتی جانیں ضائع ہو گئیں، کئی خاندان بکھر گئے اور بے شمار خواب ادھورے رہ گئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس سانحے کے بعد پیدا ہونے والی بے بسی کا احساس دل کو جکڑ لیتا ہے۔

حارث رؤف نے سوال اٹھایا کہ آخر کب تک ہم ایسی لاپرواہی برداشت کرتے رہیں گے؟ مزید کتنی جانیں قربان ہوں گی تب جا کر ہم جاگیں گے؟ یہ صرف ایک حادثہ نہیں بلکہ ایک انتباہ ہے، جو ہم سب سے جواب مانگ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ غم کی شدت ناقابلِ بیان ہے اور عوامی غصہ بالکل بجا ہے۔

واضح رہے کہ گل پلازہ میں لگنے والی آگ پر تقریباً 36 گھنٹے بعد آج صبح قابو پالیا گیا ہے جس میں 14 افراد جاں بحق ہوئے اور 54 ابھی بھی لاپتہ ہیں۔

متعلقہ

Load Next Story