2026 میں 2016 کی یادیں، لوگ ایک دہائی پیچھے کیوں لوٹ رہے ہیں؟

پرانی تصاویر، ویڈیوز اور یادگار لمحات دوبارہ شیئر کیے جا رہے ہیں، جنہیں غیرمعمولی توجہ اور پذیرائی مل رہی ہے

سوشل میڈیا پر ان دنوں 2016 ایک بار پھر موضوعِ بحث بن گیا ہے اور دنیا بھر کے صارفین ماضی کی یادوں میں کھوئے دکھائی دے رہے ہیں۔

پرانی تصاویر، ویڈیوز اور یادگار لمحات دوبارہ شیئر کیے جا رہے ہیں، جنہیں غیرمعمولی توجہ اور پذیرائی مل رہی ہے۔ یہ رجحان صرف عام صارفین تک محدود نہیں رہا بلکہ شوبز شخصیات، انفلوئنسرز اور معروف انٹرنیٹ کریئیٹرز بھی بھرپور انداز میں اس کا حصہ بن رہے ہیں۔

یہ ٹرینڈ دراصل ایک دہائی پہلے کے طرزِ زندگی کو یاد کرنے کا ذریعہ بن چکا ہے، جہاں لوگ فیشن، میک اپ، موسیقی اور سوشل میڈیا کے اس دور کو دوبارہ زندہ کر رہے ہیں۔

ماہرین کے مطابق 2016 سے لے کر اب تک فیشن، ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل رویوں میں بڑی تبدیلیاں آ چکی ہیں، اسی لیے یہ موازنہ صارفین کے لیے خاصا دلچسپ بن گیا ہے۔

معروف بزنس میگزین فوربز کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک پر اس ہفتے متعدد صارفین کے ’’فار یو پیج‘‘ پر 2016 سے جڑا مواد نمایاں رہا۔ شوخ رنگوں والے فلٹرز، جن میں ’’2016‘‘ اور ’’Cat Night 17‘‘ شامل ہیں، غیر معمولی مقبولیت حاصل کرچکے ہیں اور صارفین ان کے ذریعے ایک دہائی پرانے سوشل میڈیا اسٹائل کو دوبارہ آزما رہے ہیں۔

ٹک ٹاک کے اعداد و شمار کے مطابق صرف امریکا میں ہیش ٹیگ ’’2016‘‘ کے استعمال میں حالیہ ہفتوں کے دوران 450 فیصد سے زائد اضافہ دیکھا گیا ہے۔ اسی طرح یکم جنوری سے 11 جنوری کے درمیان ’’Songs 2016‘‘ اور ’’Makeup 2016‘‘ کی سرچز میں بالترتیب 290 اور 600 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو اس ٹرینڈ کی مقبولیت کو واضح کرتا ہے۔

وائرل ویڈیوز میں صارفین نے 2016 کے مشہور فیشن اور لائف اسٹائل رجحانات کو دوبارہ اپنایا ہے، جن میں چوکر ہار، اسکنّی جینز، شوخ رنگوں والے اسٹاربکس ڈرنکس، وائرڈ ہیڈفونز اور ایک وقت میں دنیا بھر میں مقبول ہونے والا ’’مینیکن چیلنج‘‘ شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ 2016 کے کئی ہِٹ گانے بھی ایک بار پھر پلے لسٹس کا حصہ بن رہے ہیں۔

پاکستانی شوبز شخصیات نے بھی اس یادوں بھرے ٹرینڈ میں دلچسپی دکھائی ہے۔ اداکارہ ژالے سرحدی نے ایک تھرو بیک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے ماضی کی گہری رفاقتوں اور زندگی کے اس دور کو یاد کیا۔

سادہ الفاظ میں کہا جائے تو 2016 کا یہ ٹرینڈ محض ایک سال کو یاد کرنے کا عمل نہیں بلکہ زندگی کے ایک نسبتاً پرسکون، کم ذمہ داریوں والے اور خوشگوار دور کو دوبارہ محسوس کرنے کی اجتماعی کوشش بن چکا ہے، جہاں یادیں آج کے شور سے کچھ دیر کا سکون فراہم کر رہی ہیں۔

Load Next Story