کابل میں بم دھماکا، سات افراد ہلاک، چینی باشندوں سمیت متعدد زخمی
افغانستان کے دارالحکومت کابل کے سخت سیکیورٹی زون میں واقع ایک ہوٹل میں بم دھماکے کے سبب کم از کم سات افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے، زخمیوں میں دو چینی باشندے بھی شامل ہیں۔
افغان میڈیا کے مطابق حکومت نے ابھی ہلاکتوں کی تفصیلات جاری نہیں کیں تاہم دھماکے میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہیں۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق دھماکے میں اب تک کم از کم سات افراد ہلاک ہوچکے ہیں، لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
یہ دھماکا کابل کے سخت سیکیورٹی والے علاقے میں ہوا ہے جہاں اہم دفاتر، شاپنگ سینٹر، ریستورانوں اور سفارت خانوں کی عمارتیں ہیں اور اسے دارالحکومت کے محفوظ ترین علاقوں میں شمار کیا جاتا ہے۔
افغانستان کی وزارت داخلہ نے دھماکے کی تصدیق کی ہے۔ ترجمان عبدالمتین قانی نے عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ واقعے میں کئی افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں ہلاکتوں کی حتمی صورتحال بعد میں واضح ہوگی۔
کابل پولیس کے ترجمان خالد زدران کے مطابق دھماکا گل فروشـی اسٹریٹ پر واقع ایک ہوٹل میں ہوا جو تجارتی علاقے شہرِ نو میں واقع ہے، دھماکے میں ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں۔
اے ایف پی کے مطابق دھماکے کے بعد جائے وقوع پر فائر فائٹرز، ایمبولینسز پہنچیں جنہوں ںے امدادی کاموں میں حصہ لیا جبکہ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
دریں اثنا چین کی سرکاری نیوز ایجنسی ژنہوا کے مطابق واقعے میں دو چینی شہری شدید زخمی ہیں، ایک افغان سیکیورٹی گارڈ ہلاک ہو چکا ہے اورریستوران کو شدید نقصان پہنچا ہے۔