میئر کراچی کا شہید فائر فائٹر فرقان کے ورثا کو ایک کروڑ روپے دینے کا اعلان
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے گل پلازا میں ریسکیو آپریشن کے دوران شہید ہونے والے فائر فائٹر فرقان کے ورثا کے لیے ایک کروڑ روپے کی مالی معاونت کا اعلان کر دیا۔
انہوں نے اعلان کیا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی شہید فرقان کی بیوہ کو ملازمت فراہم کرے گی جبکہ ان کے بچے کے تمام تعلیمی اخراجات بھی ادارہ برداشت کرے گا۔
میئر کراچی نے مزید بتایا کہ شہید فرقان کی لازوال خدمات کے اعتراف میں ناظم آباد فائر اسٹیشن کو شہید فرقان کے نام سے منسوب کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ریٹائرمنٹ سے متعلق تمام مالی فوائد اور تنخواہیں باقاعدگی سے شہید فرقان کی بیوہ کو ملتی رہیں گی۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی اپنے بہادر فائر فائٹرز کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر مشکل گھڑی میں ان کا بھرپور ساتھ دیتی رہے گی۔ اس موقع پر میونسپل کمشنر کراچی سید محمد افضل زیدی اور دیگر افسران بھی میئر کراچی کے ہمراہ موجود تھے۔