راولپنڈی: ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کے لاکرز توڑ کر قیمتی سامان نذر آتش
چاندنی چوک اسٹیشن میں ریسکیو 1122 کے 100 سے زائد اہلکاروں کے لارکز توڑ کر ذاتی قیمتی سامان نذر آتش کردیا گیا۔
پنجاب حکومت نے چاندنی چوک اسٹیشن میں امدادی اہلکاروں کو لاکرز فراہم کیے تھے جس میں ریسکیو اہلکار اپنا قیمتی سامان رکھتے تھے لیکن انتظامیہ بغیر کوئی نوٹس دیے لاکرز توڑ کر ریسکیو اہلکاروں کا قیمتی سامان نذر آتش کردیا۔
متاثرہ اہلکاروں کے مطابق لاکرز ہولڈرز کو کوئی پیشگی اطلاع نہیں دی گئی، افسران کے حکم پر تالے کاٹ کر سامان باہر پھینکا گیا۔
قیمتی کاغذات جلنے پر اہلکار شدید پریشان ہیں اور ان میں بے چینی و تشویش بڑھ گئی ہے، متاثرہ اہلکاروں نے ڈسٹرکٹ آفیسر صبغت اللہ پر اختیارات سے تجاوز کا الزام لگاتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب سے فوری واقعے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
دوسری جانب ریسکیو 1122 ترجمان کا کہنا ہے کہ غیر ضروری سامان جلایا گیا، ذاتی اشیاء محفوظ ہیں، اطلاعات تھیں کہ اہلکاروں نے غیر قانونی اشیاء لاکرز میں رکھی ہیں، ترجمان نے اعتراف کیا کہ راولپنڈی ڈسٹرکٹ آفیسر نے پیشگی اطلاع دی تھی جو فورس تک نہیں پہنچ سکی۔