ٹرمپ کا بڑا دفاعی قدم، امریکا کے جنگی طیارے گرین لینڈ پہنچنا شروع
امریکا کے جنگی طیارے گرین لینڈ پہنچنا شروع ہو گئے ہیں جبکہ اس تعیناتی سے متعلق گرین لینڈ کی حکومت کو پیشگی طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔
امریکی اور کینیڈین دفاعی ادارے نوراڈ (NORAD) نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا ہے کہ امریکی فضائیہ کے جنگی طیارے جلد گرین لینڈ میں قائم امریکی فوجی اڈے پر پہنچیں گے۔
نوراڈ کے مطابق اس عمل میں ڈنمارک کی حکومت کے ساتھ مکمل ہم آہنگی موجود ہے اور امریکی فورسز کو تمام ضروری سفارتی اجازت نامے حاصل ہیں۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ تعیناتی دفاعی منصوبہ بندی کا حصہ ہے اور اس کا مقصد خطے میں فضائی نگرانی اور دفاعی صلاحیت کو مضبوط بنانا ہے۔
واضح رہے کہ گرین لینڈ ڈنمارک کا ایک خودمختار علاقہ ہے۔ امریکا اور ڈنمارک کے درمیان 1951 میں گرین لینڈ کے دفاع سے متعلق ایک معاہدہ طے پایا تھا، جس کے تحت امریکا نے ممکنہ بیرونی جارحیت کی صورت میں گرین لینڈ کے دفاع کا عزم کیا تھا۔
بعد ازاں 1958 میں امریکا اور کینیڈا نے سرد جنگ کے دوران نوراڈ معاہدے پر دستخط کیے تھے، جس کا بنیادی مقصد شمالی امریکا کو درپیش فضائی خطرات اور بیلسٹک میزائل لانچنگ کی بروقت نگرانی اور اطلاع فراہم کرنا ہے۔