میلے میں جھولا ٹوٹنے سے 14 بچے زخمی، ویڈیو وائرل
بھارت کی ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع جھابوا میں لگنے والے ایک مقامی میلے کے دوران خوشی کا لمحہ اچانک خوفناک حادثے میں بدل گیا، جب ایک بڑا جھولا ٹوٹ کر زمین پر آگرا۔
اس واقعے میں سرکاری اسکول کے 14 طلبا زخمی ہوگئے، جن میں 13 لڑکیاں اور ایک لڑکا شامل ہے۔
ضلع کلکٹر نیہا مینا کے مطابق یہ حادثہ پیر کو جھابوا میں منعقد ہونے والے ’’مہاراج نو میلو‘‘ کے دوران پیش آیا۔ انہوں نے بتایا کہ میلے میں نصب کیا گیا ’’ڈریگن سوئنگ‘‘ جھولا دورانِ آپریشن اچانک ٹوٹ گیا اور نیچے آ گرا۔ جھولے پر سوار تمام بچے گورنمنٹ اسکول آف ایکسیلینس کے طالب علم تھے۔
حادثے کے فوراً بعد زخمی بچوں کو جھابوا ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کا طبی معائنہ کیا۔ ضلع کلکٹر نے اسپتال میں بچوں سے ملاقات کے بعد بتایا کہ دو طالبات نے شدید نوعیت کی چوٹوں کی شکایت کی ہے اور ان کی حالت پر خصوصی نظر رکھی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو دونوں طالبات کو آئی سی یو میں منتقل کیا جائے گا۔
OMG!!
A giant Dragon Swing ride collapsed at a fair in Jhabua, Madhya Pradesh, India, injuring 14 schoolchildren, 13 girls and one boy.
Several suffered fractures and other injuries and were taken to district hospital.pic.twitter.com/XYe1Ja0Bjx— Volcaholic 🌋 (@volcaholic1) January 20, 2026
ضلع انتظامیہ کے مطابق حادثے کی تحقیقات کے لیے ایک انتظامی ٹیم کو جائے وقوعہ پر بھیج دیا گیا ہے۔ کلکٹر کا کہنا ہے کہ اگر جھولے کے آپریشن میں کسی قسم کی غفلت ثابت ہوئی تو ذمے دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
عینی شاہدین کے مطابق جھولا تیزی سے نیچے کی جانب آ رہا تھا کہ اچانک اس کا توازن بگڑا اور وہ بچوں سمیت گر گیا۔ میلے میں موجود افراد نے فوری طور پر زخمی بچوں کو جھولے سے نکالا اور انتظامیہ کے ساتھ مل کر انہیں اسپتال پہنچانے میں مدد کی۔
یہ واقعہ ایک بار پھر عوامی مقامات پر لگے جھولوں اور تفریحی انتظامات کی حفاظتی جانچ پر سوالیہ نشان بن گیا ہے، جہاں معمولی لاپرواہی بھی بڑے سانحے کا باعث بن سکتی ہے۔