ایلون مسک ’ریان ایئر‘ خریدنے کیلیے تیار؛ سوشل میڈیا صارفین سے رائے مانگ لی
ایلون مسک نے ریان ایئر خریدنے کے لیے ایکس پر پول ڈال دیا
ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے سربراہ ایلون مسک اور ریان ایئر کے درمیان لفظی گولہ باری کا ایک بار پھر آغاز ہوگیا اور دونوں جانب سے طنز کے تیر چلائے گئے۔
سوشل میڈیا پر اس حالیہ لفظی جھڑپ کا آغاز اُس وقت ہوا جب ایکس (سابق ٹوئٹر) کو عالمی سطح پر تکنیکی خرابی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
اس خرابی پر ریان ایئر کے آفیشل اکاؤنٹ نے طنزیہ انداز میں ایلون مسک کو چھیڑتے ہوئے لکھا کہ شاید آپ کو وائی فائی کی ضرورت ہے؟
اسی پوسٹ کے بعد ایلون مسک نے دوبارہ ریان ایئر خریدنے کی بات چھیڑ دی جسے 95 لاکھ سے زائد بار دیکھا گیا۔
اس بات کا علان ایلون مسک نے اپنے مخصوص انداز میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹ میں کیا۔
انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ہی پوچھ لیا کہ تمھیں (ریان ایئر) خریدنے پر کتنا خرچ آئے گا؟
ایلون مسک نے ریان ایئر کی ایک پوسٹ پر ردِعمل میں لکھا کہ ریان ایئر میں کسی ایسے شخص کو سربراہ بنانا چاہتاہوں جس کا نام ریان ہو۔
انھوں نے مزید کہا کہ یہی اس کی تقدیر ہے اس کے فوراً بعد مسک نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر ایک پول بھی پن کر دیا۔
جس میں صارفین سے پوچھا گیا کہ آیا انہیں ریان ایئر خریدنی چاہیے یا نہیں۔
پول میں لاکھوں افراد نے ووٹ دیا جن میں سے 80 فیصد سے زائد نے ایلون مسک کے حق میں رائے دی۔
یاد رہے کہ یہ پہلی بار نہیں جب ایلون مسک اور ریان ایئر کے درمیان لفظی جنگ ہوئی ہو۔ اس کا آغاز چند ہفتوں قبل ہوا تھا۔
جب ریان ایئر کے چیف ایگزیکٹو مائیکل او لیری اور ایلون مسک کے درمیان لفظی نوک جھونک نے طوفان کھڑا کردیا تھا۔
یاد رہے کہ 2025 کے آخر میں ریان ایئر نے اپنے طیاروں پر ان فلائٹ وائی فائی متعارف کرانے کے امکان پر غور شروع کیا تھا۔
جنوری 2026 میں او لیری نے اسٹارلنک کو مہنگا اور غیر عملی قرار دیا تھا جس کے بعد ایلون مسک اور لیری کے درمیان کھلی لفظی جنگ شروع ہوئی۔
گزشتہ ہفتے ایک پوڈکاسٹ میں او لیری نے ایلون مسک کو بے حد امیر مگر اتنا ہی بے وقوف قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اسٹارلنک کے مالک کو فضائی پرواز اور ڈریگ کے بارے میں کچھ علم نہیں۔
ریان ایئر کے چیف ایگزیکیٹو نے مزید کہا تھا کہ اسٹارلنک کے لیے طیارے پر اینٹینا نصب کرنے کی لاگت سالانہ 200 سے 250 ملین ڈالر تک ہو سکتی ہے جو ناقابلِ برداشت ہے۔
اس بیان پر ایلون مسک شدید برہم ہوگئے تھے اور انھوں نے سوشل میڈیا پر او لیری کو احمق ترین شخص قرار دیتے ہوئے سی ای او کے عہدے سے برطرف کرنے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔
اسی دوران ایک صارف نے مشورہ دیا کہ ایلون مسک ریان ایئر ہی خرید لیں اور او لیری کو نکال دیں، جس پر مسک نے جواب دیا: یہ اچھا خیال ہے۔
واضح رہے کہ ریان ایئر آئرلینڈ کی ایک کم لاگت فضائی کمپنی ہے جس کی سروسز دیگر کے مقابلے میں نہایت کم ہیں۔