مشہور کامیڈین ذاکر خان کا اچانک طویل رخصت کا اعلان، ویڈیو کلپ وائرل

بھارتی میڈیا کے مطابق حیدرآباد میں شو کے دوران طویل رخصت کا اعلان کیا

فوٹو: فائل

بھارت کے مشہور کامیڈین ذاکر خان نے حیدرآباد میں اپنے کے شو کے دوران اعلان کیا ہے کہ وہ طویل رخصت پر جا رہے ہیں اور ممکنہ طور پر 2030 تک چھٹی کریں گے، جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی جبکہ مداحوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ذاکر خان نے ‘پاپا یار’ کے عنوان سے دورے میں حیدرآباد میں لائیو شو کے دوران اعلان کیا کہ وہ طویل چھٹیوں پر جا رہے ہیں اور اس اعلان کے بعد وہ ویڈیو کلپ فوری طور پر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

ذاکر خان کے مداحوں نے ان کے اعلان پر ان کی دیانت داری اور ہمت کی داد دی اور کئی مداحوں نے تشویش کا اظہار کیا۔

بھارتی شہر حیدرآباد میں پرہجوم آڈیٹوریم میں شو کے دوران اپنے منصوبے سے حاضرین کو آگاہ کیا کہ وہ حالیہ وعدوں اور شیڈول پروگراموں کے بعد اپنے کام سے طویل رخصت پر جائیں گے۔

ذاکر خان نے کہا کہ ‘دو اہم باتیں ہیں کہ میں طویل طویل رخصت پر جا رہا ہوں، 2028، 2029 ممکنہ طور پر 2030 تک، 3، 4 اور 5 سال کی رخصت ہے، صحت وغیرہ سنبھالیں گے، دو تین چیزیں ہیں اس میں وہ سب ٹھیک کرنی ہیں’۔

انہوں نے کہا کہ ‘اس وقت جو بھی یہاں موجود ہیں وہ میرے دل کے بہت قریب ہیں، آپ لوگوں کی موجودگی میرے لیے احسان سے کم نہیں ہے، یہاں موجود ہر شخص کا احسان مند رہوں گا’۔

ذاکر کے اعلان کے موقع پر وہاں موجود مداحوں میں خاموشی پھیل گئی اور حیرانی کا اظہار کیا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ذاکر خان نے ویڈیو کلپ وائرل ہونے کے بعد مزید تفصیلات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ جون تک شیڈول تمام شوز بطور جشن کیے جائیں گے اور مداحوں کو ان شوز میں آنے کی دعوت دی۔

انہوں نے بتایا کہ یہ ٹور زیادہ طویل نہیں ہوگا اور اپنے مداحوں کا ساتھ دینے پر شکریہ ادا کیا۔

 ذاکر خان بھارتی کامیڈی منظر نامے میں ایک مشہور نام ہے اور انہوں نے 2012 میں کامیڈی سینٹرل پر انڈیاز بیسٹ اسٹینڈ اپ کا ٹائٹل جیتنے کے بعد شہرت حاصل کی۔

اسٹینڈ اپ کامیڈی کے علاوہ ذاکر خان نے اسٹریمنگ پلیٹ فارم پرائم ویڈیو پر سیریز 'چاچا ودھیاک ہیں ہمارے ساتھ' سے بھی اپنی پہچان بنائی، جہاں وہ رونی کا مرکزی کردار ادا کیا۔

ذاکر خان سونی انٹرٹینمنٹ ٹیلی ویژن میں 'آپ کا اپنا ذاکر' کے نام سے کامیڈی شو بھی کرتے رہے ہیں۔

Load Next Story