عمران خان کا ایکس اکاؤنٹ بند کرنے کا کیس؛ پی ٹی اے کا جواب غیر تسلی بخش قرار
فوٹو: فائل
ہائی کورٹ نے عمران خان کا ایکس اکاؤنٹ بند کرنے کے کیس میں پی ٹی اے کا جواب غیر تسلی بخش قرار دے دیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی سے وکیل سلمان اکرم راجا کی ملاقات نہ کروانے پر توہین عدالت درخواست پر جواب مانگتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد آفس تحریری جواب جمع کرا دے۔
عدالت نے بانی پی ٹی آئی کا ایکس اکاؤنٹ بند کرنے کے کیس میں پی ٹی اے کے جواب کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے ریمارکس دیے ہیں کہ آپ دیکھ لیں رٹ پٹیشن کیا ہے اور آپ کا جواب کیا ہے ۔
جسٹس ارباب محمد طاہر نے بانی پی ٹی آئی کا ایکس اکاؤنٹ بند کرنے کی شہری غلام مرتضیٰ کی درخواست پر سماعت کی ، جس میں انہوں نے ریمارکس دیے کہ جیل حکام ، پی ٹی اے اور دیگر فریقین کو جواب آچکا ہے۔ عدالت نے پی ٹی اے کے جواب کو غیر تسلی بخش قرار دے دیا۔
دوران سماعت سلمان اکرم راجا نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی سے اس کیس متعلق مشاورت کی ملاقات نہیں ہو سکی۔ جس پر عدالت نے کہا کہ آپ کی ملاقات ہو گئی تو 24 فروری کو حتمی دلائل ہوں گے ، عدالت نے سلمان اکرم راجا سے بانی پی ٹی آئی کی ملاقات نہ کرانے پر توہین عدالت درخواست میں تفصیلی جواب طلب کرلیا۔
سرکاری وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ ملاقاتوں والے کیسز سننے والا لارجر بینچ ہے ،جس پر جسٹس ارباب محمد طاہر نے کہا کہ وہ کہہ رہے ہیں جب تک ملاقات نہیں ہو گی یہ کیس کیسے آگے بڑھے گا۔ سلمان اکرم راجا نے کہا کہ انہوں نے کیس کیا ہوا ہے لیکن مجھے میرے کلائنٹ سے ملنے کی اجازت نہیں ، یہ کیس فائل ہونے کے بعد میری بانی سے ملاقات نہیں ہوئی ۔ عدالت نے سرکاری وکیل کو ہدایت کی کہ آپ نے جو بھی کہنا ہے وہ تحریری طور پر دے دیں۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ ملاقات کرنے کا آپ کا آرڈر 4 نومبر کا ہے، 2 ماہ سے عمل نہیں ہو رہا ، کیا میں وہاں جیل میں آج ملاقات کے لیے جاؤں، جس پر جسٹس ارباب محمد طاہر نے ریمارکس دیے کہ اس حوالے سے مناسب آرڈر جاری کر دیں گے ، اگر ان کو ملاقات کی اجازت دیں گے تو یہ کیس آگے چلے گا ۔
بعد ازاں عدالت نے 24 فروری تک کیس کی مزید سماعت ملتوی کر دی۔