وزیراعظم کی منظور شدہ پی اے وی ای اسکیم پرعمل درآمد کا آغاز

حکومت نے ایکسیلیریٹڈ وہیکل الیکٹریفیکیشن اسکیم کے تحت سبسڈی اسکیم نافذ کردی ہے

وزیراعظم کی منظور شدہ پی اے وی ای اسکیم پرعمل درآمد کا آغاز ہوگیا ہے، الیکٹرک وہیکلز کی سبسڈی شروع ہوگئی ہے، حکومت نے ایکسیلیریٹڈ وہیکل الیکٹریفیکیشن اسکیم کے تحت سبسڈی اسکیم نافذ کردی ہے۔

اس ضمن میں ای ڈی بی، اسٹیٹ بینک، نادرا، آئی ٹی بورڈ اور وزارت صنعت و پیداوار نےسبسڈی فراہمی پر مشترکہ سسٹم تشکیل دیدیا ہے۔

انجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ کے مطابق فنائنس اسکیم کے ذریعے درخواست گزاروں کو سبسڈی رقوم منتقل ہونا شروع ہوگئی، ای ڈی بی کے مطابق حکومت پانچ سال کے دوران 100ارب روپے سے زائد مالیت کی سبسڈی فراہم کرے گی۔

منصوبے کے تحت سال 2030 تک مجموعی طور پر 100ارب 36 کروڑ روپے مالیت کی سبسڈی فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ وزارت صنعت و پیداوار کے ماتحت ادارے انجنیرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ کی جانب سے 41ہزار ای وی وہیکلز کو سبسڈی فراہم کی جارہی ہے۔

حکام کے مطابق ای ڈی بی دوسرے مرحلے میں 78ہزار 170 الیکٹرک وہیکلز کو 8ارب 95 کروڑ روپے مالیت کی سبسڈی فراہم کرے گی۔ حکومتی سبسڈی کی مد میں 80 ہزار روپے کی رقم اسٹیٹ بینک براہ راست درخواست گزار کے اکاؤنٹ میں منتقل کرے گی۔

ای ڈی بی کے مطابق وفاقی و صوبائی رجسٹریشن اتھارٹی سے منسلک ای وی وہیکلز کو ہی سبسڈی فراہم کی جائے گی۔

Load Next Story