عامر خان نے گوری سپراٹ کے ساتھ شادی سے متعلق بڑا انکشاف کردیا

عامر خان گوری سپراٹ کے ہمراہ ممبئی میں ایک نئے گھر میں منتقل ہونے جا رہے ہیں

بالی ووڈ کے معروف اداکار اور ’مسٹر پرفیکشنسٹ‘ کہلانے والے عامر خان نے گوری سپراٹ کے ساتھ اپنے تعلق اور شادی سے متعلق قیاس آرائیوں پر کھل کر بات کی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق عامر خان گوری سپراٹ کے ہمراہ ممبئی میں ایک نئے گھر میں منتقل ہونے جا رہے ہیں، جو ان کے خاندان کی رہائش گاہ کے قریب واقع ہے۔ اسی پیش رفت کے بعد ان کی شادی سے متعلق سوالات ایک بار پھر توجہ کا مرکز بن گئے۔

عامر خان نے ایک صحافی سے گفتگو میں بتایا کہ یہ تمام معاملات ان کی پروڈکشن میں بننے والی فلم ’ہیپی پٹیل‘ کی ریلیز کے بالکل درمیان پیش آ رہے ہیں، جس کی وجہ سے ان دنوں ان کی زندگی خاصی مصروف اور غیر معمولی کیفیت سے گزر رہی ہے۔ تاہم انہوں نے واضح انداز میں کہا کہ فی الحال ان کا شادی کرنے کا کوئی باضابطہ ارادہ نہیں ہے۔

اداکار نے گوری سپراٹ کے ساتھ اپنے تعلقات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ دونوں ایک دوسرے کے لیے نہایت سنجیدہ ہیں اور مکمل وابستگی کے ساتھ رشتہ نبھا رہے ہیں۔ ان کے مطابق وہ اور گوری ایک دوسرے کے جیون ساتھی ہیں اور دل کی سطح پر وہ خود کو پہلے ہی شادی شدہ سمجھتے ہیں۔

عامر خان کا کہنا تھا کہ قانونی شادی کا فیصلہ کرنا یا نہ کرنا وہ وقت پر چھوڑ دینا چاہتے ہیں، اور یہ طے کریں گے کہ آیا اس رشتے کو رسمی شکل دی جائے یا نہیں۔ ان کے بقول اصل اہمیت ایک دوسرے کے ساتھ سچائی اور وابستگی کی ہے، نہ کہ صرف کاغذی دستاویزات کی۔

واضح رہے کہ گوری سپراٹ سے قبل عامر خان دو شادیاں کر چکے ہیں، پہلی رینا دت اور دوسری کرن راؤ سے، جن سے ان کے تین بچے ہیں۔ 60 سالہ اداکار کی ذاتی زندگی ہمیشہ مداحوں اور میڈیا کی توجہ کا مرکز رہی ہے۔

گوری سپراٹ کا تعلق بنگلور سے ہے اور وہ اس وقت عامر خان فلمز سے وابستہ ہیں۔ اس جوڑے نے گزشتہ برس اپنے تعلق کا باضابطہ اعلان کیا تھا اور بتایا تھا کہ وہ اس اعلان سے تقریباً ایک سال قبل سے ایک دوسرے کو ڈیٹ کر رہے تھے۔

Load Next Story