ڈیلی میل نے اہلیہ میگھن کی زندگی اجیرن بنادی؛ شہزادہ ہیری عدالت میں رو پڑے

اخبار پر فون ہیکنگ، خفیہ نگرانی اور دھوکے سے معلومات حاصل کرنا کا الزام ہے

شہزادہ ہیری عدالت میں رو پڑے

برطانوی شہزادے ہیری اپنی اہلیہ میگھن سے متعلق بے بنیاد خبریں شائع کرنے پر اخبار ڈیلی میل کے خلاف دائر مقدمے میں عدالت میں پیش ہوئے تھے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق لندن ہائی کورٹ میں نجی معلومات کی خلاف ورزی کے مقدمے کی سماعت کے دوران برطانوی شہزادے پرنس ہیری بیان ریکارڈ کرواتے ہوئے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور ان کی آنکھیں نم ہو گئیں۔

انھوں نے بھرّائی ہوئی آواز میں کہا کہ ڈیلی میل اور اس کے ناشر ادارے ایسوسی ایٹڈ نیوز پیپرز نے میری اہلیہ میگھن مارکل کی زندگی کو بدترین اذیت میں مبتلا کر دیا ہے۔

عدالت میں بیان دیتے ہوئے شہزادہ ہیری نے مزید کہا کہ 2022 میں مقدمہ دائر کرنے کے بعد ان کے خلاف میڈیا کا رویہ مزید جارحانہ ہو گیا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ اخبار مالکان سے صرف معافی اور جوابدہی چاہتے تھے لیکن اس کے بجائے مجھے دوبارہ اُسی اذیت ناک عمل سے گزارا جا رہا ہے۔

شہزادہ ہیری نے ایسوسی ایٹڈ نیوز پیپرز کے دفاع کو قابلِ نفرت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان سے یہ حق چھینا جا رہا ہے کہ وہ اپنی نجی زندگی کی حفاظت کریں۔

انھوں نے مزید کہا کہ عدالت میں کھڑے ہو کر اس سب کا دوبارہ سامنا کرنا ایک بار پھر صدمے کو دوبارہ سے دہرانے جیسا ہے۔

دوسری جانب، ایسوسی ایٹڈ نیوز پیپرز نے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے صحافیوں نے جائز ذرائع، بشمول مشہور شخصیات کے قریبی حلقوں، سے معلومات حاصل کیں۔

تاہم پرنس ہیری نے ان دعوؤں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کا کسی صحافی سے ذاتی تعلق نہیں رہا ہے۔

یہ مقدمہ لندن ہائی کورٹ میں نو ہفتوں تک جاری رہے گا۔ اداکارہ الزبتھ ہرلی جمعرات کو عدالت میں گواہی دینے والی ہیں۔

خیال رہے کہ 41 سالہ ڈیوک آف سسیکس پرنس ہیری اور دیگر چھ مدعیان، جن میں معروف گلوکار ایلٹن جان بھی شامل ہیں، ڈیلی میل کے ناشر کے خلاف مقدمہ لڑ رہے ہیں۔

اخبار پر الزام ہے کہ ان کی نجی زندگی میں غیرقانونی مداخلت کی گئی جس میں فون ہیکنگ، خفیہ نگرانی اور دھوکے سے معلومات حاصل کرنا شامل ہے۔

 

 

Load Next Story