فالج کے مریضوں کو بولنے کے قابل بنانے والا اے آئی کالر
(تصویر: یونیورسٹی آف کیمبرج)
کیمبرج یونیورسٹی کے سائنس دانوں نے پہننے کے لیے ایک ایسا کالر تیار کیا ہے جو مصنوعی ذہانت کا استعمال کرتے ہوئے فالج کے مریضوں کو دوبارہ اپنی آواز میں بولنے کے قابل بناتا ہے۔
ری وائس نامی یہ اے آئی کالر پہننے والے کے اسپیچ سگنلز اور جذباتی اشاروں کو ڈی کوڈ کرتے ہیں تاکہ بولنے والے کے ٹوٹے ہوئے الفاظ کو دوبارہ کر سکیں۔
یہ ڈیوائس موجودہ اسسٹیو اسپیچ ٹیکنالوجیز (جو یا تو غیر مؤثر ہیں یا ان کے لیے خطرناک دماغ کے امپلانٹ کی ضرورت ہوتی ہے) میں بہتری لے کر آئی ہے۔
یونیورسٹی آف کیمبرج کے ایک پروفیسر لوئیگی اوچی پِنٹی کا کہنا تھا کہ فالج کے مریض عموماً کچھ مشقوں کے بعد تکراری ڈرلز کر سکتے ہیں لیکن ان کو اکثر روز مرہ کی گفتگو کرنے میں مشکلات کا سامنا ہوتا ہے۔
اور چونکہ بہت سے مریض وقت کے ساتھ اپنی تقریباً تمام یا مکمل بولنے کی صلاحیت دوبارہ حاصل کر لیتے ہیں، اس لیے دماغ میں پیچیدہ امپلانٹس لگانے کی ضرورت نہیں رہتی، البتہ ایسی سہولیات کی سخت ضرورت ہے جو زیادہ فطری، آسان اور پورٹ ایبل ہوں۔